2 مئی 2016 - 13:50
کشمیر کونسل کے ٹکٹ بیچے جا رہے ہیں: راجہ فاروق

وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ مظفرآباد کے عوام کی خوشحالی کیلئے تعمیروترقی کے بڑے منصوبے شروع کریں گے اربوں روپے کے منصوبوں کی تعمیر سے مظفرآباد میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق نے کہا ہے کہ کروڑوں روپے لگا کر کشمیر کونسل کے ٹکٹ خریدے جا رہے ہیں ایسے لوگ عوام کی کیا خدمت کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ مظفرآباد کے عوام کی خوشحالی کیلئے تعمیروترقی کے بڑے منصوبے شروع کریں گے اربوں روپے کے منصوبوں کی تعمیر سے مظفرآباد میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، عوام مسلم لیگ کے نامزد امیدواروں کو ووٹ ڈالیں ان کے مسائل کے حل کی ذمہ داری میں لیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت کے علاقہ رنجاٹہ محلہ چک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں بھمبر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق خان نے کہا کہ بھمبر کی تین سیٹیں ہیں۔ (ن) لیگ کو یہ تینوں نشستیں چاہیں، ایک سیاستدان ناچ ڈانس کے ذریعے ووٹ مانگتا ہے، لیکن کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میرے اور طارق فاروق کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، میاں نواز شریف سے کہا ہے کہ بھمبر میں زرعی یونیورسٹی دیں۔ جاتلاں سے چھمب تک لہلہاتے کھیت ہوں گے، یہاں کارخانے ہی کارخانے ہوں گے۔ آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ نواز کی حکومت بنے گی۔ ہمارا مقابلہ چوروں کی حکومت سے ہے۔ بلاول بھٹو کی تقریر سن کر خوشی نہیں ہوئی ہم ان کی ماں اور نانا کی عزت کرتے ہیں۔ شملہ معاہدہ کس نے کیا تھا، کشمیر ہائوس کے بورڈ کس نے اتروائے تھے اس ملک کو کس نے توڑا یہ سب وہ باتیں جنہیں پوشیدہ نہیں رکھا جا سکتا۔

ایم این اے عابد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کے وجود میں آنے کے بعد الیکشن مہم میں بھمبر آیا تو میری شدید خواہش تھی کہ راجہ محمد اقبال اور راجہ محمد رفیق ہماری جماعت کا حصہ بن کر ہمارے شانہ بشانہ چلیں لیکن بدقسمتی سے برادری کی مجبوریاں آڑے آتی رہیں ووٹ کی پرچی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرتی ہے۔ برادریوں کی مجبوری ترقی کی طرف نہیں بلکہ جہالت کی طرف لے جاتی ہے۔ چوہدری طارق فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی مجھے بہت عزیز ہیں ان کے حقوق کا دفاع، بھرپور تعاون کروں گا۔ فاروق خان کی سربراہی میں بھمبر سے الیکشن مہم کا آغاز کر رہا ہوں، سازشیں بہت ہیں لیکن ہمیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ راجہ فاروق خان ہی آئندہ آزادکشمیر کے وزیراعظم ہوں گے، میاں نواز شریف کے سپاہی الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲