شام کے صدر بشار اسد نے پیر کو ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف مغرب کی ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ ایرانی عوام کی استقامت اور حقوق کی بازیابی کے ان کے عزم و یقین کا نتیجہ ہے۔ شام کے صدر بشار اسد نے شام کے عوام کے حق خود ارادیت اور ملک کی آزادی کے دفاع پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شام کے عوام کو اس بات کا یقین ہے کہ وہ جلد ہی دہشت گردوں پر فتح حاصل کرلیں گے۔ اس درمیان عراق کے صدر فواد معصوم نے بھی ایران کے خلاف مغربی ملکوں کی پابندیوں کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم واقعہ پوری طرح علاقے کے عوام پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ عراقی صدر نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل درآمد سے ایران اور عراق کے عوام اور ساتھ ہی علاقے کی اقوام کے باہمی تعلقات پر بہت ہی اچھا اثر مرتب ہو گا۔ اس سے پہلے عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی بھی اپنے بیان میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کو ایک تاریخی واقعہ قرار دے چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169