اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مشہد سے تہران پہنچنے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایران کے جوہری مذاکرات کے مختلف پہلووں اور نتائج اور اس کی مختلف خصوصیات کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایک قرارداد کے ذریعے ایران کی پرامن جوہری سرگرمیاں تسلیم کرے گی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جب ویانا میں مذاکرات کا آغاز ہوا تھا تو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے خلاف ظالمانہ قراردادیں منظور کرکے اس پروگرام کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ سلامتی کونسل نے اس وقت ایرانی عوام سے اپنے حقوق سے دستبردار ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے آئندہ چند دنوں میں ایران کے پر امن جوہری پروگرام کو تسلیم کیا جانا ایرانی عوام کی استقامت اور پابندیوں کے مقابلے میں گھٹنے نہ ٹیکنے کا نتیجہ ہے۔
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے بھی کہا کہ ایران کی مذاکراتی ٹیم نے ویانا میں دنیا کی چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرکے مکمل طور پر قومی مفادات کا دفاع کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو لوگ اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہیں وہ استقامت کی عظیم طاقت کے مالک بن جاتے ہیں-
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ داکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ تاریخ سے یا بات خودبخود ثابت ہو جائے گی کہ جوہری مذاکرات کے مثبت نتائج ایران، مقابل فریق اور عالمی برادری کے لئے کس حد تک مفید واقع ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ویانا میں ہونے والے جوہری مذاکرات کی کامیابی کو رہبر انقلاب اسلامی کی حکیمانہ ہدایات کا مرہون منت قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169