19 ستمبر 2024 - 16:35
صوبہ جنوبی خراسان: چالیس ہزار کے قریب پاکستانی اور افغان زائرین کی پذیرائی کا اعزاز

صوبہ جنوبی خراسان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اوقاف کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ اب تک 38 ہزار 731 پاکستانی اور افغان زائرین کو مشہد سے واپسی کے راستے میں قائم موکب میں ضروری خدمات فراہم کي جاچکی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حجت الاسلام حسن رحیمی نے جمعرات کے روز ایرنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی زائرین کا پانچ مقامات پر استقبال کیا گیا جن میں دشت بیاز کی مسجد خضری، قائن شہر میں امام زادہ  زید، آستانہ امامزادہ باقریہ، امام زادہ سید علی کے روضے  اور نہبندان کی مسجد حضرت ابوالفضل(ع) شامل ہیں۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امامزادگان باقریہ بیرجند میں 1270 افراد، قائن میں 9090 افراد، امام زادہ سید علی کے روضے میں 15260 افراد، مسجد حضرت ابوالفضل 8356 افراد اور جامع مسجد خضری میں 4755 ائرین کو قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال صوبہ جنوبی خراسان کو معاون صوبے کے طور پر منتخب کیا گیا ہے تاکہ مشہد جانے اور آنے والے پاکستانی اور افغان  زائرین کو خدمات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ جنوبی خراسان ہر سال پاکستانی اور افغان زائرین کی میزبانی کرتا ہے اور گذشتہ سال اس صوبے میں 35 ہزار پاکستانی اور 15 ہزار افغانی زائرین کو قیام و طعام کی جملہ سہولتیں مہیا کی گئي تھیں۔

واضح رہے کہ ایران کے صوبہ جنوبی خراسان کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں جبکہ یہ شہر اربعین ریلی اور مشہد مقدس جانے والے پاکستانی زائرین کے راستے میں واقع ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110