اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ہونے والی حالیہ 12 روزہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کی فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اسمبلی نے اپنے پیغام میں اس الہی فتح کی رہبر انقلاب اسلامی اور دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ ساتھ میں شہید قدس سردار سلیمانی اور دیگر شہدائے مزاحمت کی یاد کو بھی تازہ کیا ہے۔
اس پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہم اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک بار پھر ہمیشہ فتح یافتہ مظلوموں اور عزیز فلسطین کے طاقتور نوجوانوں کے ہاتھوں اپنی طاقت اور قدرت کا مظاہرہ کیا۔ خدا کا شکر ہے کہ اس نے طاقت کے توازن کو تبدیل کر کے، دشمن صہیونیت کو زوال اور تباہی کے گھاٹی کے قریب کردیا۔ اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ اس نے صہیونیوں کی کمزوریوں اور ان میں پائی جانے والی دراڑوں کو آشکار کر کے اپنے حتمی وعدے کی تکمیل اور اپنی کی نصرت کاملہ کے ذریعے "بحر سے نہر" تک آزادی کے قریب ہونے کی بشارت دی۔
حالیہ دنوں میں، ایک طرف دنیا نے طفل کش صہیونی ریاست اور بین الاقوامی صہیونیت کی دھشتگردی اور جارحیت دیکھی کہ کس طرح انہوں نے فلسطین کے مظلوم اور بے دفاع عام شہریوں کو خون میں لت پت کیا اور دوسری طرف فلسطینی عوام کے جوش و جذبہ اور ان کی ناقابل تعریف شجاعت اور دلیری کا بھی مشاہدہ کیا کہ پندرہ سال سے غزہ کے محصور رہائشیوں سمیت قدس شریف، مغربی کنارے اور دیگر مقبوضہ علاقوں کے عوام نے کس قدر استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کیا۔
12 دن تک مسجد الاقصیٰ اور شیخ جراح کے علاقوں پر بزدلانہ حملے انتہائی تکلیف دہ تھے۔ لیکن یہ پوری کہانی نہیں تھی، بلکہ اس سکہ کا دوسرا رخ ایک مضبوط اتحاد، بے مثال جد و جہد، حیرت انگیز مزاحمت اور صہیونی جارحیتوں کا دنداں شکن جواب تھا جو فلسطین کی صبر آزما قوم کی جانب سے تاریخ کے صفحے پر ہمیشہ کے لیے رقم ہو گیا۔ جس نے ہمیشہ کی طرح غاصب صہیونی ریاست کو شرمناک شکست قبول کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کرنے پر مجبور کر دیا۔ "سیف القدس" کی جنگ ایک یادگار اور زوردار طمانچہ تھی ان افراد کے رخساروں پر جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی دوڑ میں سبقت لے رہے تھے۔ تاہم، ابھی بھی موقع ہے کہ فلسطین کے جہادی اور سیاسی گروہوں کے شانہ بشانہ اسلامی اور عالمی حمایتوں کے کاروان میں شامل ہو جائیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے اس الہی فتح اور وعدہ خداوندی کے تحقق پانے پر رہبر انقلاب اسلامی اور دنیا کے گوشہ و کنار میں رہنے والے فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہید قدس سردار سلیمانی اور دیگر شہدائے مزاحمت کی یادوں کو تازہ کیا ہے ساتھ ہی ساتھ اسرائیل کی بے بس، درندہ صفت اور مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور حکومت کے حوالے سے اس کے عربی غربی حامیوں کو بیدار ہونے کی تاکید کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی سطح پر لوگوں کے درمیان دن بدن بیداری اور باطل کے مقابلے میں حق کی حمایت کا جذبہ پیدا ہو رہا ہے جو حقیقت میں قابل قدر ہے۔
خدا کا درود و سلام ہو شہیدوں پر، شہیدوں کے لواحقین پر اور زخمیوں پر
اور سلام ہو قدس شریف پر کہ آج ہم ہمیشہ سے زیادہ اس کے قریب ہیں
الا ان نصر الله قریب(بقره/214)
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی
22 مئی 2021 ء
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲