25 اپریل 2020 - 08:29
بھارت ہندو توا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔  میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کے اقدامات زیر غورآئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر  بھارتی جارحیت  کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جان بوجھ کر ایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارتی جارحیت کا سخت نوٹس لیا گیا۔میجر جنرل بابر افتخار  نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کو کورونا وائرس چیلنج  کا  سامنا ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کی، موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔  آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، پوری دنیا نے کورونا وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی مذمت کی۔ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ بھارت نے آزاد کشمیر میں کورونا کے حوالے سے جھوٹی خبر پھیلانے کی کوشش کی۔

342/