اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

18 جنوری 2025

11:54:13 AM
1523750

طوفان الاقصی؛

صہیونیوں سے خطاب: مقاومت کے صبر کا امتحان مت لو، شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے غزہ میں جنگ بندی پر ملت فلسطین اور محور مقاومت کو مبارک دی، اور صہیونیوں کی طرف سے لبنان پر جاری جارحیت پر، خبردار کیا کہ محاذ مقاومت سربلندی کے ساتھ صہیونی ریاست کے خلاف جنگ سے عہدہ برآ ہؤا / مقاومت و مزاحمت جاری ہے، اور امریکی اور اسرائیلی پراجیکٹ لا حاصل رہے گا / لبنان پر صہیونی دشمن کی جارحیت جاری نہیں رہ سکتی اور "ہم ان کے مقابلے میں صبر سے کام لے رہے ہیں تاکہ لبنانی حکومت اور ثالثوں کو وقت دیں، لیکن میں تم سے کہتا ہوں کہ ہمارے صبر کا امتحان مت لو۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم نے "غزہ رمز المقاومہ" (غزہ مقاومت و مزاحمت کی علامت) کے عنوان سے منعقدہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی مقاومت نے فلسطین کی حمایت کی اور غاصبوں کے اہداف کے حصول میں رکاوٹ بنی۔ مقاومت کے مجاہدین اور فلسطینی عوام نے اسرائیل کے بڑے منصوبے کے ناکام بنایا۔

شیخ نعیم قاسم نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا: ہم ملت فلسطین اور مقاومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں؛ یہ سمجھوتہ مقاومت کی استواری اور استقامت کو نمایاں کرتا ہے؛ مقاومت نے جو چاہا، حاصل کیا، جبکہ دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا: ہم صہیونی ریاست کے ساتھ جنگ سے، سربلند اور سرخرو ہوکر عہدہ برآ ہوئے۔ قابضین لبنان میں مقاومت کو مکمل طور پر تعطل سے دوچار کرنا چاہتے تھے لیکن مقاومت نے ان کو تعطل سے دوچار کیا۔ ہم دشمنوں سے کہتے ہیں کہ "مقاومت و مزاحمت جاری ہے، اور امریکی اور اسرائیلی پراجیکٹ لا حاصل رہے گا"۔

انھوں نے کہا: لبنان پر صہیونی دشمن کی جارحیت جاری نہیں رہ سکتی اور "ہم ان کے مقابلے میں صبر سے کام لے رہے ہیں تاکہ لبنانی حکومت اور ثالثوں کو وقت دیں، لیکن میں تم سے کہتا ہوں کہ ہمارے صبر کا امتحان مت لو"۔

انھوں نے کہا: صہیونی ریاست کے درمیان اندرونی اختلافات کا پیمانہ وسیع تر اور شدید تر ہو جائے گا، اور ان کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ کار نہيں ہے کہ فلسطین کو فلسطینیوں کے حوالے کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ ـ اسرائیلی دشمن کے منصوبے کو خاک میں ملانے کے لئے دی گئی قربانیوں میں ـ غزہ کے لاثانی مقام اور کردار کو ثبت کرے گی۔

سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان نے لبنان کے اندرونی معاملات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ لبنان کے نئے صدر جوز کا انتخاب حزب اللہ اور تحریک أمل کے باہمی اتفاق اور سمجھوتے کے بعد ممکن ہؤا۔

انھوں نے کہا: میں فلسطین، عراق اور یمن میں اسلامی مقاومت کو سلام پیش کرتا ہوں اور صہیونی غاصبوں کے مقابلے میں فلسطینی مقاومت کے تئیں ان کی ہمہ جہت حمایت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے آخر میں کہا: لبنان نے قدس اور غزہ کی خاطر، حزب اللہ اور تحریک أمل کے ذریعے، اپنے بیش بہا اثاثوں کو قربان کر دیا جن میں سرفہرست سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی شخصیات ہیں جو اس راہ میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110