اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے دیوار ندبہ کے نیچے صیہونی کابینہ کے اجلاس کو ایک خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیت المقدس کو یہودی رنگ دینے کی کوشش ہے - عبداللطیف القانوع نے کہا کہ دیوار ندبہ کے نیچے صیہونی کابینہ کا اجلاس امریکی صدر کے دورہ مقبوضہ فلسطین اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کے لئے واشنگٹن کی بے دریغ حمایت کا نتیجہ ہے - تحریک حماس کے ترجمان نے عرب اور اسلامی ممالک سے صیہونی حکومت کے اس اشتعال انگیز اور کشیدگی پیدا کرنے والے اقدام کا ذمہ داری سے نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کا صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ایک بڑا گناہ ہے - صیہونی وزیراعظم نتن یاہو کی کابینہ نے اتوار کو پہلی بار مقبوضہ بیت المقدس میں دیوار ندبہ کے نیچے واقع ٹنل میں اپنا ہفتےوار اجلاس کیا ہے- اس اجلاس میں نتن یاہو نے بیت المقدس اور اس کے قدیم محلے میں تعمیراتی بجٹ بڑھانے کا اعلان کیا ہے- پی ایل او نے بھی صیہونی حکومت کے اس اشتعال انگیز اقدام کو غیر قانونی قرار دیا ہے - پی ایل او کے جنرل سیکریٹری صائب عریقات نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس اقدام کا مقصد شہر قدس اور اس کے قدیمی حصے کو یہودی رنگ دینے کے لئے کئے جانے والے فیصلوں کو قانونی ظاہر کرنا ہے کہ جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے- پی ایل او کے جنرل سیکریٹری نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ان اشتعال انگیز اقدامات کا مناسب جواب دیتے ہوئے اسے قدس اور فلسطین کے اسلامی مقامات کی موجودہ پوزیشن کا احترام کرنے اور اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کا پابند بنائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169