5 اکتوبر 2016 - 13:03
ہندوستانی فوج نے حکومت کو سرجیکل آپریشن کا ثبوت پیش کر دیا

فوج کے ذریعے ثبوت حکومت کو پیش کئے جانے کے بعد ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے سیکورٹی سے متعلق کابینہ کی کمیٹی سی سی ایس کا اجلاس کیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی فوج کے ذریعے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سرجیکل آپریشن کے دعوے کو پاکستان کی جانب سے مسترد کر دئے جانے اور خود ہندوستان میں بھی بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت مانگے جانے کے بعد ہندوستانی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت حکومت کو پیش کرنے کا دعوی کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کے سرجیکل آپریشن کے دعوے پر خود ہندوستان کی بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے ثبوت پیش کئے جانے کے مطالبے کے بعد فوج نے حکومت کو نوے منٹ کا ایک ویڈیو سونپ دیا ہے- فوج کا کہنا ہے کہ حکومت اس ویڈیو کو عام کر سکتی ہے-

فوج کے ذریعے ثبوت حکومت کو پیش کئے جانے کے بعد ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے سیکورٹی سے متعلق کابینہ کی کمیٹی سی سی ایس کا اجلاس کیا- سی سی ایس اجلاس میں نریندرمودی کو ایل او سی کی سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی-

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس ویڈیو کو عام کریں گے یا نہیں۔ ہندوستانی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اس ویڈیو کو عام کرنے کے حق میں نہیں ہے- ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ سرجیکل آپریشن کا پورا ویڈیو ڈرون کے ذریعے شوٹ کیا گیا ہے- ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس ویڈ یو کو عام کرنے سے پہلے وزیراعظم کو یہ غور کرنا ہوگا کہ کہیں اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور زیادہ کشیدہ نہ ہو جائیں-

اٹھائیس اور انتیس ستمبر کی درمیانی شب ہندوستان کی جانب سے سرجیکل آپریشن کے دعوے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات پہلے سے بھی زیادہ کشیدہ ہو گئے ہیں- پاکستان نے سرجیکل آپریشن کے بارے میں ہندوستان کے دعوے کو جھوٹ قرار دیا تھا- اس کے بعد خود ہندوستان میں بھی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی اور عام آدمی پارٹی مرکزی حکومت سے سرجیکل آپریشن کا ثبوت مانگ رہی ہے- ان جماعتوں کا کہناہے کہ انہیں فوج کی صلاحیت اور بہادری پر کوئی شک نہیں ہے  لیکن مودی حکومت سرجیکل آپریشن کے دعوے کو سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے-

کانگریس کے متعدد رہنماؤں نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی سرجیکل آپریشن خاموشی کے ساتھ انجام دئے گئے تھے اور ان کو کبھی سیاسی مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا گیا- لیکن مودی حکومت آئندہ ریاستی انتخابات جیتنے کے لئے سرجیکل آپریشن کو استعمال کر رہی ہے -  کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے اس بیان پر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے - بی جے پی کے بعض رہنماؤں نے اس طرح کا مطالبہ کرنےوالوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان چلے جائیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز