اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ہجرت نبوی کی مناسبت سے ایک تقریر میں اس دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اہم دن کو اور دیگر اسلامی شعائر کو زندہ رکھے جانے پر تاکید کی-
سید عبدالملک الحوثی نے اپنی تقریر کے ایک حصے میں کہا کہ استکبار اور اس کے اتحادیوں کی آج یہ کوشش ہے کہ ہمیں غلامی اور ذلت و رسوائی سے دوچار کردیں اور ہماری دولت و ثروت کو تباہ و برباد کردیں-
انہوں نے جارح عناصر کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت و پائمردی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام کو چاہئے کہ وہ امریکہ اور سعودی نظام کے مظالم کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور صبر وتحمل سے کام لیتے ہوئے اپنے اتحاد کا تحفظ کریں اور ان سختیوں کو برداشت کرنے کے ساتھ ہی ایک روشن مستقبل رقم کریں-
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے اسی طرح ان لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے جو جنوبی یمن میں سعودی جارحین کی صفوں میں کھڑے ہیں کہا کہ آپ لوگ آج براہ راست متحدہ عرب امارات کے حکم کے تابع ہیں اور وہی ہیں جو آپ کے لئے فیصلے کر رہے ہیں-
الحوثی نے حضرموت اور شبوہ میں بھی بعض افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ غاصبوں کے ساتھ ایسے معاہدوں پر دستخط کر رہے ہیں کہ جو تھوڑی سی قیمت میں اپنے ملک کی زمین و ثروت کو فروخت کرنے کے مترادف ہے-
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ منصور ہادی اور ان سے وابستہ افراد آج سعودیوں کے پٹھو اور ان کے جیرہ خوار ہیں -
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے جیالوں اور بہادروں کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں کہ جن کے سروں پر ہزاروں بم اور میزائل اور نابود کرنے والے انواع و اقسام کے ہتھیار گرائے جا رہے ہیں لیکن وہ اپنے وطن کی سرزمین کو نہیں ترک کر رہے ہیں اور شہادت کو ترجیح دے رہے ہیں-
تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کے کاندھوں پر بہت بڑی اور بھاری ذمہ داری ہے اور عوام آپ سے جو توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں ان پر پورا اتریے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲