11 فروری 2015 - 10:57
یمن میں مذاکرات سنجیدگی سے جاری

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے امید ظاہر کی ہے کہ سیاسی گروہوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پاجائےگا -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جمال بن عمر نے کہا کہ مذاکرات میں شرکت کرنے والے تمام یمنی فریق سنجیدہ ہیں اور اختلافات کو کم کرنے میں قابل ذکر پیشرفت ہوئي ہے- ان کا کہنا تھا کہ یمن بہت جلد بحران سے نکل جائے گا- انہوں نے کہا کہ اب تک عبوری حکومت میں شراکت داری کی نوعیت، پارلیمنٹ کے کام کی صورت حال، اعتماد سازی کے اقدامات اور سکیورٹی انتظامات جیسی مختلف شقوں کے بارے میں اتفاق رائے ہو چکا ہے- جمال بن عمر نے مزید کہا کہ یمن کے عوام چاہتے ہیں کہ ملک کا بحران سیاسی طریقے سے حل ہو اور انصار اللہ تحریک کے ارکان بھی سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ ان مذاکرات میں شریک ہیں- اقوام متحدہ کے نمائندے کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب تحریک انصاراللہ نے واضح کردیا ہے کہ وہ مذاکرات کی پرزور حمایت کرتی ہے لیکن عبوری آئین کا اعلامیہ واپس نہیں لیا جاسکتا -  اس درمیان میں انصار اللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک حوثی نے سیاسی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اعلی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اتفاق رائے اور سمجھوتے تک پہنچ جائیں- واضح رہے کہ یمن کو حالیہ مہینے کے دوران متعدد سیاسی و سکیورٹی بحرانوں کا سامنا رہا ہے اور صدر منصور ہادی اور وزیراعظم خالد بحاح کے استعفے سے یمن میں بحران اور سنگین ہو گیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲