9 فروری 2015 - 06:33
اردن: فضائی حملوں میں داعش کے ٹھکانے تباہ

اردن کا کہنا ہے کہ اس نے تین دنوں میں دولتِ اسلامیہ کے خفیہ ٹھکانوں پر 56 فضائی حملے کیے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف جنگ میں مدد کیلئے متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کا ایک اسکواڈرن، اردن پہنچ گیا-

ایف سولہ قسم کے جنگي طیارورں پر مشتمل اسکواڈرن، اپنے ہوابازوں اور تیکنیکی ماہرین کے ہمراہ اردن کی فضائیہ کے ایک اڈّے پر تعینات ہوگیا ہے- اردن کی فضائیہ کے ایک کمانڈر سعید حسن کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کا یہ اسکواڈرن، اردن کی مسلح افواج سے ہم آہنگی کے ساتھ ہر قسم کا مشن انجام دینے کیلئے مکمل آمادہ ہے- داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف امریکی قیادت میں تشکیل پانے والے اتحاد میں اردن اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں- بعض اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے داعش کے خلاف اتحاد سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا- دوسری جانب اردن کے مقتول پائلٹ معاذ الکساسبہ کے والد کے حوالے سے یہ بھی خبریں ملی تھیں کہ ان کے بیٹے کے طیارے کو متحدہ عرب امارات کی ایک خاتون پائلٹ نے مار گرایا تھا- دوسری جانب اردن نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف چھپّن حملے کئے گئے ہیں- دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں ایک اردنی پائلٹ کی ہلاکت کے بعد، کہ جسے اس گروہ کے عناصر نے زندہ نذر آتش کردیا تھا، اردن نے اس دہشتگرد گروہ کے خلاف اپنے حملے تیز کردیئے ہیں-