اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کےمطابق عراقی شہریوں نے سنیچر کی رات بغداد کے التحریر اسکوائر پراکٹھا ہوکر خوشی منائی- اس عوامی جشن میں کچھ عراقی حکام اور سیکورٹی عہدیداروں نے بھی حصہ لیا-گذشتہ ایک عشرے میں یہ پہلی بار ہے جب عراقی شہری آدھی رات کے بعد شہر میں اپنی گاڑیوں میں باہر نکلے- بغداد میں رات کے کرفیو کے قانون کے باعث نصف شب کے بعد صبح تک شہر میں رفت و آمد پرپابندی تھی اور مختلف مواقع پر اس پابندی کوسخت کر دیا جاتا تھا- دس سال کے بعد رات کے کرفیو کے خاتمے کے بعد پورے شہر میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دیگر شہروں کی مانند دار الحکومت بغداد کے عوام بھی رات کے اوقات میں آزادانہ آمدو رفت کرسکیں گے- ادھر بغداد میں کرفیو کا قانون ختم کئے جانے سے کچھ گھنٹے پہلے اس شہرمیں ہونے والے کئی بم دھماکوں میں تیس سے زیادہ افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے- دوسری جانب عراقی پولیس کے ایک ذریعے نے سنیچر کو شمال مغربی بغداد میں اسلحہ کا گودام ملنے کی خبر دی ہے- اس ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت بغداد کے عکرکوف علاقے میں زیرتعمیر ایک عمارت میں اس گودام کا پتہ لگایا ہے- اس گودام میں کچھ اینٹی ائرکرافٹ، مارٹر اور ہلکے ہتھیارملے ہيں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲