اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت عین کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے سیلاب کی تباہ کاریوں کو ’کشمیریوں کیلئے ایک زبردست آزمائش اور ابتلا ‘قرار دیا۔میرواعظ نے کشمیر کے طول و عرض میں تباہ کن سیلاب سے زبردست تباہی و بربادی اور جان و مال کے زیاں کو من حیث القوم کشمیریوں کیلئے ایک زبردست آزمائش اور ابتلا قرار دیتے ہوئے اس تکلیف دہ صورتحال کا ہمت و حوصلہ اور استقلال کے ساتھ مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔ میرواعظ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشکل اور کٹھن حالات سے ماضی کی طرح ستم رسیدہ قوم عنقریب سرخ روئی کے ساتھ نکل آئے گی اور انشااللہ زندگی کی تمام سرگرمیاں اور رونقیں پھر سے بحال ہونگی۔ ادھر حریت گ کے رہنما سید علی گیلانی نے حالیہ سیلاب کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے عید الاضحی کے موقعے پر تمام تر چندہ وامداد اور چرم قربانی مختلف تنظیموں اور اداروں کے بجائے سیلاب زدگان کے لیے وقف کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے مصیبت کی اس گھڑی میں امداد باہمی کے جس جذبے کے تحت کام کیا ہے اور ایک دوسرے کی مدد کی ہے، اس نے قوم میں ایک نئی اُمید جگادی ہے اور توقع ہے کہ یہ جذبہ مستقبل میں بھی زندہ رہے گا اور کام آئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲