27 ستمبر 2014 - 12:49
شام کو نو فلائی زون قرار دیا جائے

ترک صدر رجب طیب اردغان نے دہشت گردوں کے خلاف شامی فضائیہ کی کارروائی کو بند کرانے کے مقصد سے شام کو نو فلائی زون علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69ویں سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کرکے جمعہ کو واپسی کے دوران اردغان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو فلائی زون قرار دے دینا چاہیئے اور اور اس پر عمل درآمد ہونا چاہیئے۔

ترک صدر نے کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ امریکی صدر براک اوباما اور نائب صدر جو بائڈن کے ساتھ ملاقات میں اٹھایا ہے۔

اردغان نے مزید کہا کہ ترکی سے ملحقہ شامی سرحدی علاقوں پر نو فلائی زون کا اعلان کیا جانا چاہیئے، کیونکہ دہشت گردوں سے جان بچا کر ایک بڑی تعداد میں لوگ وہاں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکتوبر میں ملک کی پارلیمان یہ طے کرے گی کہ آیا داعش کے خلاف لڑائی میں امریکی اتحاد میں شامل ہونا چاہیئے یا نہیں۔

غور طلب ہے کہ امریکہ کی سربراہی میں داعش کے خلاف کارروائی میں شریک ہونے کے لیے ترکی پر امریکہ اور اپنے مغربی اتحادیوں کی جانب سے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ترک صدر نے منگل کے روز بھی ایک بیان میں شام میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف امریکہ کی قیادت میں فضائی حملوں کا خیرمقدم کیا تھا اور کہا تھا کہ ترکی اس کارروائی میں شریک ہو سکتا ہے۔
.......

/169