13 اگست 2014 - 12:57
عراق، امریکی فوجی مشیروں کی تعداد میں اضافہ

امریکا کے صدر باراک اوباما نے شمالی عراق میں مزید 130 فوجی مشیروں کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے وزیر دفاع چک ہیگل نے منگل کو کہا کہ صدر نے مجھے اس مسئلے میں آگے کی کارروائی کرنے اور 130 اضافی فوجی مشیروں کو تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ امریکی وزیر دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق بھیجے جا رہے فوجی مشیروں کا تعلق امریکا کے سینٹرل کمانڈ ریجن سے ہے اور یہ فوجی، جنگ میں براہ راست طور پر حصہ نہیں لیں گے۔

امریکا نے حال میں سیکڑوں فوجی عراق بھیجے ہیں جن میں ایک دستہ اربيل سٹی میں تعینات ہے۔ اس وقت عراق میں امریکا کے فوجیوں کی تعداد 1000 ہو گئی ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدر نے جمعرات کو عراق میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف فوجی طاقت استعمال کئے جانے کی منظوری دی تھی۔ سنیچر کو انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک ضروری ہوا آپریشن جاری رہے گا۔ اوباما نے کہا کہ عراق میں امریکی اہلکاروں اور ایزدی برادری کے لوگوں کی حفاظت کے لئے داعش کے خلاف کئی مہینے فضائی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔
.......

/169