اہل بیت(ع) نیوز ایجسنی۔ابنا۔ تھائی لینڈ میں فوجی حکومت نے پورے ملک میں کرفیو ختم کرنے اور ایک مہینے کے اندر اندر نگراں حکومت کی تشکیل دینے کا اعلان کردیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق سرکاری ٹی وی پر کرفیو کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرفیو کے خاتمے کا فیصلہ ملک میں امن وامان کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال اور سیاحت کی بہتری کے لیے گیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی روز سے ملک بھر میں بدامنی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کے باعث کرفیو اٹھایا جا رہا ہےجب کہ 30 صوبوں میں پہلے ہی کرفیو ختم کردیا گیا تھا جبکہ آ ج باقی رہ جانے والے 47 صوبوں سے بھی کرفیو اٹھایا جارہا ہے۔ دوسری جانب تھائی فوج کے سربراہ جنرل پریوٹ چین چوا نے اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران نگراں حکومت قائم کی جائے گی جس کا اختیارایک سال کے اندر انتخابی اصلاحات مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد انتخابات کا اعلان کردیا جائے گا۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ اگست کے اختتام یا ستمبر کے شروع میں نگراں حکومت کا اعلان کیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا نگراں کابینہ میں شامل وزرا فوجی ہونگے یا سویلین اور اس حوالے سے انہوں نے تفصیلات دینے سے بھی گریز کیا۔ واضح رہے کہ تھائی فوج نے22 مئی کو اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے حکومت کو رخصت کردیا تھا اور کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔
................
242