8 جون 2014 - 15:15
جواد ظریف کی سنگاپور کی پارلیمنٹ کی اسپیکر سے ملاقات

اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں ایران اور سنگاپور کے تعلقات مستحکم ہونے پرتاکید کی ہے ۔

ابنا: ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج تہران میں سنگاپور کی پارلیمنٹ کی اسپیکر حلیمہ یعقوب کے ساتھ ملاقات میں، اقتصادی شعبے میں ایران کی بے پناہ گنجائشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران کی ترقی و پیشرفت روکنے کے لئے ایران کے خلاف تمام حربوں اور پابندیوں کا ناکام ہوناثابت ہوچکا ہے اور پابندیوں کے سبب ایران اپنی داخلی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے لگا ہے۔ ایران کے وزير خارجہ نے اسی طرح کسی حتمی سمجھوتے تک رسائی کے لئے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نئے دور کے مذاکرات کے آغاز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر اطمئنان ظاہرکیا کہ بعض موجودہ پابندیوں کے برطرف ہونے کے ساتھ ہی غیر ملکی شعبے میں اقتصادی اور تجارتی لین دین اور تعاون میں تیزی آئے گی ۔ سنگاپور کی پارلیمنٹ کی اسپیکر حلیمہ یعقوب نے بھی اپنے دورۂ تہران پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایران اور سنگاپور کی پارلیمانیں، اقتصادی ، تجارتی ، علمی و ثقافتی شعبوں ميں موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ سنگاپور کی پارلیمنٹ اسپیکر نے ایران اور سنگاپور کے اچھے روابط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات ، حکومت ایران اور عوام کی خواہش اور مفادات کے دائرے ميں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے ۔

.......

/169