27 جولائی 2013 - 19:30
پاراچنار، خودکش حملوں کےخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

پاکستان کے قبائلی علاقے پاراچنار میں خودکش حملوں کے خلاف مذمت اور بھر پور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے

ابنا: پاکستان کے قبائلی علاقے پاراچنار میں خودکش حملوں کے خلاف مذمت اور بھر پور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پورے پاکستان میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جبکہ کرم ایجنسی کی تمام مذہبی اور سیاسی تنظیموں نے بھی پاراچنار میں خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کے خلاف بھر پور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے رہنماوٴں نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز پاراچنار شہر میں ہونے والے دھماکے افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے دھماکوں کو اسلام اور انسان دشمن عناصر کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی اور متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کا مطالبہ کیا اور شہر کے اطراف میں قائم چیک پوسٹوں پرسیکیورٹی کے موثر انتظامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاراچنار کے مرکزی امام بارگاہ کے نزدیک یکے بعد دیگرے دوخودکش حملوں میں 60 شیعہ مسلمان شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲