20 مئی 2013 - 19:30
دشمنوں کو ایران کی ترقی پر تشویش: احمدی نژاد

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ دشمنوں کو ایران کی ترقی و پیشرفت پر تشویش ہے۔

ابنا: ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے ایران کے جنوبی شہر کرمان میں کئی ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی ترقی و پیشرفت کے لیے مقامی علم و دانش سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دشمنوں کو ایران کی ترقی و پیشرفت پر تشویش ہے اس بنا پر وہ ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ملت ایران کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری ایرانی قوم کو ملک کی ترقی و پیشرفت میں حصہ لینا چاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کوئلہ صاف کرنے کے کارخانے پابدانا کا افتتاح کرنے کے بعد اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ یہ کارخانہ سالانہ ساڑھے پانچ لاکھ ٹن کوئلہ صاف کرے گا جسے مختلف مراحل سے گزارنے کے بعد فولاد کی صنعتوں میں استعمال کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔
صدر مملکت نے کرمان کے شمال میں بھی کوئلہ صاف کرنے کے کارخانے کوہبنان کا افتتاح کیا۔ اس کارخانے کی سالانہ پیداواری صلاحیت پانچ لاکھ ٹن ہے۔ انہوں نے اسی طرح صوبہ کرمان میں دو سو نوے کلومیٹر طویل تہران- بندرعباس ہائي وے کا بھی افتتاح کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲