ابنا: ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں کی مساجد، اما بارگاہوں اور مقدس مقامات پر محافل قصیدہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے جو گذشتہ رات ہی سے شروع ہوچکا تھا۔ مراجع کرام اور علماء عظام کے گھروں میں بھی محفلیں اور جشن منعقد ہورہے ہیں جن میں شعراء اور خطباء اھل بیت نبوت و عصمت و امامت کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں موجود تمام مقدس مقامات کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گيا تھا بالخصوص مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے پر نہایت ہی خوبصورتی سے چراغانی کی گئي ہے۔ اس وقت مشہد مقدس میں لاکھوں زائرین کامجمع ہے جو آٹھویں حجت خدا کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے زیارت کا فیض اٹھانے مشہد آیا ہے۔ قم مقدسہ میں بھی آپ کی بہن حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گيا ہے۔ اس بقعہ بہشت پر بھی دسیوں ہزار زائرین کا مجمع ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اھل بیت سے اپنے عشق ومحبت کا ثبوت پیش کررہا ہے۔ عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عراق میں تمام مقدس مقامات اس وقت زائروں سے بھرے ہیں اور لوگ عالم آل محمد علیھم السلام کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے خوشیاں منارہے ہیں۔ عراق میں اس مبارک مناسبت سے لوگوں نے آپس میں مٹھائياں تقسیم کیں۔ تہران اور دیگر شہروں میں بھی لوگ ایک دوسرے کورسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے مبارک باد پیش کررہے ہیں اور آپس میں مٹھائيان تقسیم کی جارہی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاک پاکیزہ خاندان کی کسی بھی فرد کی ولادت کے دن کو عید مانا جاتا ہے اور خوشیاں منائي جاتی ہیں۔ لبنان اور شام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خاندان نبوت و عصمت و امامت سے محبت اور عشق رکھنے والوں نے آج آٹھویں امام برحق کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے خوشیاں منائيں۔ ادھر بحرین اورسعودی عرب میں مسلمانوں نے حکومت کی پابندیوں کے تحت اپنے اپنے گھروں میں قصیدہ خوانی کی اور جشن منائے....../169
27 ستمبر 2012 - 20:30
News ID: 351906
آج ایران سمیت ساری دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام علی ابن موسی الرضاعلیہماالسلام کی ولادت باسعادت کےدن کی مناسبت سے خوشیان منائي جارہی ہیں۔