1 ستمبر 2012 - 19:30

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں ایک ہی دن میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی تین وارداتوں میں نو افراد کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل و غارت اور خونریزی کی ان سنگین وارداتوں کی ذمہ دار حکومت بلوچستان ہے ، جو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا علم رکھنے کے باوجود ان کے خلاف اپریشن نہیں کرتی.

ابنا: ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بلوچستان کی حکومت کو علاقائی امن و امان سے کوئی دلچسپی نہیں اس لیے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کوئی عملی کردار ادا نہیں کرتی ، اگر سانحہ القدس ریلی اور سانحہ مستونگ جیسے روح فرسا واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جاتاتو کسی بھی شرپسند کو تخریب کاری کی جرات نہ ہوتی ۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا یہ ہے کہ کوئٹہ میں ایک ہی روز ٹارگٹ کلنگ کی تین وارداتیں ہوئیں اور نو معصوم شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا لیکں حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، ان حالات میں حکومت اور حکومتی اداروں سے عوام کے تحفظ کی توقع رکھنا فضول ہے.

.......

/169