25 جولائی 2012 - 19:30

آل خلیفہ کے اجرت یافتہ وحشی درندے ماہ مبارک رمضان کی حرمت کو بھی خاطر میں نہيں لارہے اور ممنوعہ ہتھیاروں سے عوام پر حملے کررہے ہیں اور رمضان المبارک کے حلول سے لے کر اب تک کم از کم آٹھ بحرینی باشندوں کو گرفتار اور نو افراد کو زخمی کرچکے ہیں۔ چار علاقوں پر "اجتماعی سزا کی غرض سے" حملے کئے گئے اور 31 علاقوں کو اجتماعی سزا کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ کے اجرت یافتہ بیرونی ایجنٹ ماہ مبارک رمضان میں عوام کو اجتماعی سزا کے خلیفی ایجنڈے پر کاربند ہیں اور عوام کو اذیتیں پہنچا کر اور انہیں زہریلی گیسوں اور ممنوعہ ہتھیاروں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ الوفاق کے ویب بیس نے کہا ہے کہ خلیفی ایجنٹوں نے ماہ رمضان میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے اور 9 کو زخمی کردیا ہے۔ چار علاقوں پر اجتماعی سزا اور وسیع حملے کئے گئے ہیں اور 31 علاقوں کو اجتماعی سزا کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ آل خلیفہ کے ایجنٹ بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ شارٹ گنوں، پلاسٹک کی گولیوں، صوتی بموں، زہریلی اور دم گھونٹے اور سانس روکنے والی گیسوں سے عوام پر حملے کررہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ان دنوں میں بحرین میں احتجاج کرنے والے روزہ داروں کو وحشیانہ انداز میں مارا پیٹا جاتا ہے اور پرامن مظاہرین کو گرفتار کیا جاتا ہے اور مظاہروں کو وحشیانہ انداز سے کچلا جاتا ہے۔

"الدیر" نامی قصبے میں خلیفی غنڈوں نے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر حملہ کیا؛ قصبے کے ایک گھر میں مجلس عزا ہورہی تھی جس کا دروازہ توڑ دیا گیا۔ "الکورہ" نامی قصبے میں ماہ رمضان کی مناسبت سے روزہ داروں کی ایک محفل پر حملہ کیا گیا اور شرکاء کو مارا پیٹا گیا اور کئی افراد کو گرفتار کرکے اذيتکدوں میں منتقل کیا گیا۔ خلیفی ایجنٹوں نے جزیرہ "السترہ" اور اس کے نواحی دیہاتوں پر زہریلی گیسوں سے حملہ کیا اور "الوادیان" نامی گاؤں کو مہلک گیسوں میں غرق کردیا جس کی وجہ سے گاؤں کے باشندوں میں سے کافی لوگوں کا دم گھٹ گیا جبکہ اس گاؤں میں نہ کوئی مظاہرہ ہورہا تھا اور نہ ہی کوئی اجتماع بپا تھا۔

نیز جزیرہ السترہ میں ہی خلیفی وظیفہ خواروں اور کرائے کے بیرونی ایجنٹوں نے کئی افراد کو شارٹ گنوں کا نشانہ بنا کر زخمی کیا اور "النویدرات" کے علاقے میں بھی پرامن عوام کو ممنوعہ ہتھیاروں کا نشانہ بنایا گیا۔ بحرین کے اکثر علاقوں میں آل خلیفہ کی فوج اور سیکورٹی فورسز کی بڑی نفری تعینات کی گئی ہے جو پرامن عوام کو خوفزدہ کرنے میں مصروف ہیں اور "البلادالقدیم" میں یہ سلسلے خاص طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ شہر "حمد" میں خلیفی ایجنٹوں نے گلی محلوں میں پہنچ کر بڑی مقدار میں سانس روکنے والی گیسوں کا استعمال کیا حالانکہ اس علاقے میں کسی قسم کا کوئی احتجاجی جلسہ یا جلوس نہيں ہوا تھا۔ گذشتہ دو روز کے دوران "جدحفص"، "المصلى"، "الديه"، "البلاد القديم"، "السنابس"، "بني جمره"، "التوبلي"، "المهزه"، "الخارجيہ"، "السترہ"، "القريہ" ،"ابوالعيش"، "الكرانہ"، "نبيہ صالح"، "العكر"، "المعامير"، "الكرباباد"، "البوري"، "المقشع"، "السند"، "السماہيج" ،"الدير"، "الجفير"، "الدراز"، "جدعلي"، "الكورہ"، "المنامہ"، "القدم"، "الشہركان"، "النويدرات" اور "مدينۃ حمد" کے عوام نے آل خلیفہ کی آمریت کے خلاف پرامن احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

.............

110/