ابنا: اسماعیل کوثری نے ماسکو اجلاس کو براہ راست نشر کرنے پر ایران کے نشریاتی ادارے آئي آر آئي بی کے سربراہ کی آمادگي کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایران کے ایٹمی پروگرام کی شفافیت ظاہر ہوجائے گي۔ کوثری نے کہا کہ ماسکو مذاکرات کے براہ راست نشر کئے جانے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں بالخصوص صہیونی ریاست کو نقصان پہنچے گا کیونکہ پھر مغربی ذرائع ابلاغ مذاکرات کے عمل میں اپنے اہداف کے مطابق تحریف نہیں کرسکیں گے اور مذاکرات مکمل طرح سے عوام کے سامنے آجائيں گے۔
واضح رہے کہ آئي آر آئي بی کے سربراہ عزت اللہ ضرغامی نے صحافیوں سے گفتگو میں تجویز پیش کی تھی آئي آر آئي بی اٹھارہ اور انیس جون کو ماسکو میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کو براہ راست نشر کرنے کی آمادگي رکھتا ہے۔ ضرغامی نے کہا کہ آئي آر آئي بی دنیا کی اہم ترین زبانوں میں ان مذاکرات کو براہ راست نشرکرنے کی آمادگي رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اقوام یہ سمجھ جائيں گي کہ فریقین کس قدر قوموں کے حقوق کا احترام کرتے ہیں اور ان کی استدلالی توانائي اور صداقت کس حد تک ہے۔ انہوں نےکہا کہ یہ اعتماد سازی کی راہ میں ایک اہم قدم ہوسکتا ہے۔.......
/169