ابنا: اس سلسلے میں فلسطین کی خود مختار انتظامیہ میں فلسطینی قیدیوں کے امور کے وزیر عیسی قراقع نے کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں نے صہیونی ریاست کے تشدد آمیز اقدامات کے جاری رہنے کی وجہ سے ایک بار پھر بھوک ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔
عیسی قراقع نے مزید کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اپنے سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوۓ فلسطینی قیدیوں کو ان کا جرم بتاۓ اور ان پر مقدمہ چلاۓ بغیر ہی ان کی قید میں توسیع کردی ہے۔
گزشتہ مہینے میں مصر کی ثالثی کے ساتھ فلسطینی قیدیوں کے رہمناؤں اور صہیونی حکام نے ایک معاہدے پر دستخط کۓ تھے جس کے بعد صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید فلسطینیوں نے فروری کے مہینے سے جاری اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی تھی۔ اور اس حکومت نے ان قیدیوں کے مطالبات پورے کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن صہیونی ریاست اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوۓ فلسطینیوں کے خلاف اپنے تشدد آمیز اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوۓ ہے۔
صہیونی ریاست کے ان تشدد آمیز اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر بھی رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کی اپیل پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا جارہا ہے جس میں فلسطینی قیدیوں کے مسئلے کا جائزہ لیا جاۓ گا اور پھر اس کیس کو عالمی عدالت میں بھیج دیا جاۓ گا۔ البتہ اس اجلاس کا وقت ابھی معین نہیں ہے۔
فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے اقدامات خطرناک اور تشویسناک مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔
صہیونی ریاست کی جیلوں میں پانچ ہزار سے زیادہ فلسطینی قیدی ہیں۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب صہیونی ریاست نے فلسطینی شہریوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور حالیہ مہینوں کے دوران فلسطینی قیدیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی قیدیوں کو صہیونی ریاست کی جیلوں میں ابتر صورتحال کا سامنا ہے اور ان جیلوں میں ان پر شدید تشدد کیا جاتا ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران صہیونی ریاست کے تشدد کے نتیجے میں دو سو فلسطینی قیدی شہید اور سیکڑوں لاعلاج بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ فلسطینی قیدیوں پر صہیونی ریاست کا تشدد عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عالمی اداروں کی جانب سے صہیونی ریاست کے خلاف کوئي اقدام نہ کۓ جانے کی وجہ سے یہ حکومت فلسطینیوں خصوصا فلسطینی قیدیوں پر اپنے مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوۓ ہے۔ اقوام متحدہ سے عالمی برادری کا مطالبہ یہ ہے کہ اس کے مختلف ادارے فلسطینی قیدیوں کو صہیونی ریاست کے چنگل سے آزادی دلانے کے لۓ فوری اور موثر اقدامات انجام دیں۔........
/169