24 مارچ 2012 - 19:30

صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے نوروز کو دنیا کی تمام اقوام کے لۓ امن ، دوستی اور سلامتی کی علامت بتایا ہے۔

ابنا: ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے آج تاجیکستان کے شہر دوشنبہ میں دنیا بھر کے لوگوں خصوصا اس قدیم تہذیب سے تعلق رکھنے والے اقوام کو نوروز کی مبارکباد پیش کرتے ہوۓ‎ تاکید کی کہ نوروز کا عالمی دن اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ اس کی انسانی اقدار سے فائدہ اٹھا کر عالمی امن و سلامتی کی برقراری کے لۓ اقوام کے درمیان اتحاد قائم کیا جاۓ۔ صدر مملکت نے خطے کے ممالک میں جشن نوروز کی نمایاں خصوصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ اس امید کا اظہار کیا کہ نۓ ہجری شمسی سال کے دوران ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں توسیع آۓ گی۔

ڈاکٹر احمدی نژاد نے مزید کہا کہ نوروز بہت سی انسانی اقدار کا حامل ہے اور وہ انسانیت کو عدل و انصاف تک رسائي اور جارحین کے مقابلے میں ثابت قدمی کی دعوت دیتا ہے۔ صدر مملکت نے نوروز کا جشن منانے والی اقوام کو دنیا میں امن و دوستی کی علمبردار قرار دیا ۔ نوروز کے تیسرے عالمی جشن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے علاوہ تاجیکستان ، افغانستان ، پاکستان کے صدور اور نوروز کا جشن منانے والے بیس ممالک کے نمائندے موجود تھے۔

دوسری جانب دوشنبہ شہر میں نوروز کی عالمی کانفرنس کے شرکاء نے سنہ دو ہزار تیرہ کو عشق آباد شہر میں نوروز کا عالمی جشن مناۓ جانے پر مبنی ترکمانستان کے صدر کی تجویز سے اتفاق کیا۔ ترکمانستان کے صدر کی تجویز اس ملک کے نائب وزیر اعظم بائمراد حاجی محمد اف نے پیش کی تھی۔ دوشنبہ میں نوروز کی عالمی کانفرنس کے شرکاء نے سنہ دو ہزار چودہ کو نوروز کا عالمی جشن افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منانے کا فیصلہ بھی کیا۔
 
.......

/169