ابنا: بریگيڈیر جنرل احمد وحیدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے ترکی میں نیٹو کی میزائل شیلڈ کے بارے میں کہا کہ اسلامی ملکوں میں امریکیوں اور مغربی ملکوں کی موجودگي ہمیشہ ان ملکوں کی سلامتی کے لئے نقصان دہ رہی ہے۔ انہوں نے عراق، افغانستان اور لیبیا میں مغربی ملکوں کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں کو مغربی افواج کی موجودگي سے کبھی بھی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے مفادات پر کسی بھی طرح کی جارحیت کو برداشت نہیں کیا ہے اور نہ کرے گا۔ ایران کے وزیر دفاع نے ایران پر پیشگي حملوں کے بارے میں فرانسیسی صدر کےبیان کو بڑا بول قراردیا۔ بریگيڈیر وحیدی نے کہاکہ آئندہ دنوں میں اسلامی جمہوریہ ایران ایک خلائي مشن روانہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاوشگر پانچ راکٹ خلا میں ایک بایو کیپسول لے کر جائےگا جس میں ایک زندہ جانور ہوگا۔ بريگیڈیر وحیدی کے مطابق اس خلائي مشن کا مقصد سائنسی تحقیقات انجام دینا ہے۔ کاوشگر پانچ راکٹ ایرانی ماہرین نے بنایا ہے۔واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مارچ میں کاوشگر چار راکٹ کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور پندرہ جون کو رصد نامی مصنوعی سیارچہ خلا میں بھیجا تھا۔ رصد مصنوعی سیارچے نے حال ہی میں اپنا کام مکمل کیا ہے۔
...............
/169