اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے ایک سیکورٹی اہلکار نے کل رات اور آج دن کے دوران ہونے والی متعدد دہشت گردانہ کاروائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے کاظمین آنے والے ساٹھ زائرین نے جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ 320 سے زائد زائرین زخمی ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا: پہلا دھماکہ آج (جمعرات کی) صبح کو ہوا جس میں 4 شیعہ زائرین شہید اور 46 زخمی ہوئے جن میں سے تین دیگر زائرین اپنے آبائی علاقوں میں منتقل ہوتے ہوئے شہید ہوئے ہیں جبکہ بغداد کے اعظمیہ اور قحطان کے علاقوں میں دھماکوں کے شہیدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یوں کل اور آج کے شہیدوں کی تعداد ساٹھ تک جاپہنچی ہے۔ دریں اثناء مغربی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ آج امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر کئی ملین شیعہ زائرین کاظمین میں جمع ہوگئے تھے جنہوں نے اسی سلسلے میں عزاداری کے مراسمات میں شرکت کی۔ ادھر عراقی حکومت نے بھی آج جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا تا کہ زائرین زیادہ تسلی اور سکون کے ساتھ عزاداری کی مجالس میں شرکت کرسکیں۔
دریں اثناء دسیوں لاکھ زائرین آج کاظمین پہنچےہیں جہاں وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا سوگ منارہےہیں۔ آج پچیس رجب حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے۔ آج عراق میں سرکاری چھٹی ہے ۔ یادرہے اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی آج ساتویں حجت خدا کا سوگ منایا جارہاہے اور سارا ایران اس مناسبت سے مشہد مقدس میں امڈ آیا ہے تاکہ وہ حضرت امام رضا علیہ السلام کو ان کے والد بزرگوار کا پرسہ دے سکے۔ قم میں بھی زائرین کی عظیم تعداد ہے جو خاندان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتوین امام اور نوین معصوم کا سوگ منارہےہیں۔ ہندوستان، پاکستان، خلیج فارس کے ممالک، شام ، لبنان اور دیگر ممالک میں بھی فرزند رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سوگ منایا جارہاہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہشمالی بغداد کی مسجد ابو حنیفہ النعمان میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے زائرین کی تعداد انتالیس ہوگئي ہے۔ یہ بم دھماکہ بدھ کے دن کاظمین جانے والے زائرین کے راستے میں ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس دہشتگردانہ کاروائی میں ایک سو چوالیس زائرین زخمی ہوئے ہیں۔
............
/110
متعلقہ لنکس:
- کاظمین میں سعودی دہشت گرد گرفتار