26 نومبر 2026 - 03:13
امریکہ اپنے فوجیوں کی نفسیاتی حالت کے بارے میں وضاحت دے / ہم شہداء کا خون لیں گے، سربراہِ تنظیمِ بسیج

تنظیمِ بسیجِ مستضعفین کے سربراہ نے امریکی فوجیوں پر جنگ کے نفسیاتی دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی حکام سے کہا کہ اگر ہمت ہے تو اعلان کرو کہ تم نے اپنے فوجیوں کے علاج کے لئے کتنے ماہرینِ نفسیات میدان میں اتارے ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ تنظیمِ بسیجِ مستضعفین کے سربراہ حجت الاسلام طائب نے "بسیجیوں کا رہبرِ معظم سے عہد" کی تقریب میں کہا: آج اس مقدس مقام پر بسیجیوں کی ایک جماعت نے صوبائی دارالحکومتوں، اضلاع اور دیہاتوں میں جمع ہونے والے بسیجیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی ہے تاکہ اپنے امام کے ساتھ تجدیدِ عہد کرے۔

انھوں نے حضرت آیت اللہ امام سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی پیروی پر زور دیتے ہوئے کہا: ہم عہد کرتے ہیں کہ انقلاب کے اماموں کا مشن جاری رکھیں گے اور اس راہ میں ہمارا توکل اللہ پر اور امید بھی اللہ سے ہے؛ کیونکہ ہم طاقت، عزت اور سربلندی کو خدا کی طرف کا عطیہ سمجھتے ہیں۔

طائب نے، رہبرِ انقلاب کی طرف سے دشمنوں کے خلاف شدت عمل سے کام لینے پر مبنی فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ہم عہد کرتے ہیں کہ جس طرح ماضی کے بسیجیوں، کمانڈروں، خواتین اور مردوں، نوجوانوں اور بچوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ہم بھی دشمنوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے اور ان کے سامنے جم کر کھڑے رہیں گے۔

انھوں نے شہید بچوں اور ماؤں سے لے کر بزرگ مردوں، بزرگ خواتین، مزدوروں، کسانوں، اساتذہ اور تکنیکی ماہرینِ تک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: ان شہیدوں نے دنیا پر واضح کیا کہ ہم دشمن کے سامنے سختی سے کھڑے رہتے ہیں اور سختی سے لڑتے ہیں۔

تنظیمِ بسیجِ مستضعفین کے سربراہ نے دنیا کے مستضعفین کے بارے میں الٰلہ کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ہم عہد کرتے ہیں کہ قرآنی مستضعفین کے مصادیق میں سے ہوں گے؛ وہی وعدہ جس کے تحت خدا نے ارادہ کیا ہے کہ مستضعفین کو زمین کے پیشوا اور وارث بنائے گا۔ اس عظیم الٰہی احسان کی تکمیل حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (علیہ السلام) کے ظہور کے ساتھ، ہوگی اور دنیا کے مستضعفین آنحضرت(ع) کی پیروی کریں گے۔

طائب نے کہا: بسیجی گذشتہ سالوں میں حسینیہ امام خمینی (رضون اللہ علیہ) میں جمع ہوتے تھے اور اپنی کارکردگی کی رپورٹ انقلاب کے رہبرِ شہید کو پیش کرتے تھے، آج ہم رہبر شہید اور امامِ مؤسس (رضوان اللہ علیہما)، ـ جنہوں نے اس شجرۂ طیبہ (بسیج) کی بنیاد رکھی، ـ کو رپورٹ پیش کر رہے ہیں کہ ہم نے مقرر کردہ مشن پر قدم جمائے رکھیں گے اور اس مشن کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا: انقلاب کے رہبر شہید نے بسیج کی تشکیل کو اللہ کی پوشیدہ نعمتوں میں سے ایک قرار دیا تھا اور فرمایا تھا کہ "اگر ہم بسیج کی تعریف ایک جملے میں کرنا چاہیں تو بسیج ایسا مجموعہ ہے جس میں ملک کے پاک ترین انسان، سب سے زیادہ جان نثار اور سب سے زیادہ تیار نوجوان، ملت کے اعلیٰ مقاصد اور سعادت کے حصول کے لئے جمع ہوئے ہیں۔"

طائب نے کہا: ہم بسیجی اپنی قوم کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑے ہیں، ملک کی سلامتی قائم رکھتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کام کرتے ہیں، علم و سائنس پیدا کرتے ہیں، کام اور کوشش جاری رکھتے ہیں اور بسیجِ سازندگی (تعمیر و ترقی کے لئے قائم بسیج) کو سنجیدگی سے جاری رکھیں گے۔

طائب نے نئی نسل کو ملک کی کامیابیوں سے آشنا کرانے کے لئے "راہیانِ پیشرفت" کیمپوں کے فعال ہونے کا بھی اعلان کیا اور کہا: ہم دنیا کے دیگر ممالک کے لوگوں کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ ایران آئیں اور ہماری قوم کی مزاحمت کا قریب سے مشاہدہ کریں؛ اور دیکھیں کہ ایک قوم نے کیونکر ـ اپنے رہبر کی ہدایت پر دشمن کے سامنے ڈٹ کر اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ہے۔

انھوں نے حالیہ جنگ اور خطے میں امریکی فوجی سازوسامان کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: دنیا کی پہلی فوج اور خطے کی پہلی فوج نے مل کر، بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں اور جنگی سازوسامان پر اربوں ڈالر خرچ کئے اور انہیں خطے میں پہنچایا، لیکن امریکہ کو شکست کے سوا کچھ نہ ملا۔

طائب نے گذشتہ دو دہائیوں میں افغانستان اور عراق میں امریکی فوجی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے، حالیہ جنگ میں اس ملک کی فوجی قوتوں کی نفسیاتی حالت کے بارے میں  امریکی حکام سے کہا: اگر امریکیوں میں ہمت ہے تو اعلان کریں کہ انھوں نے اپنے فوجیوں کی دیکھ بھال کے لئے اپنے بحری جہازوں اور اڈوں میں کتنے ماہرینِ نفسیات تعینات کئے ہیں اور وضاحت کریں کہ ان کی کتنے فوجی بغاوت کر کے اپنے کمانڈروں کی اطاعت سے انکار کر چکے ہیں؟

طائب نے آخر میں دنیا کے مستضعفین سے بسیجیوں کے عہد پر زور دیتے ہوئے کہا: جب تک ہم اپنے رہبرِ شہید، میناب اسکول کے طلباء، سائنسدانوں، نرسوں، مزدوروں، عورتوں، مردوں اور بچوں کے خون کا انتقام نہیں لیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا: جس طرح ایرانی قوم اور دنیا کے مستضعفین نے آٹھ سالہ جنگ کے بعد صدام جیسے مجرم حکمران کا انجام دیکھا جو بڑی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ کیمیاوی بموں اور میزائلوں کو بروئے کار لاتا تھا، مستکبرین کا انجام بھی ایسا ہی ہوگا۔"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha