بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ممتاز امریکی ماہرِ سیاسیات فرانسس فوکویاما لکھتے ہیں:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو سمجھنے کے لئے، کوئی مربوط اصول یا نظریہ تلاش کرنا، بے سود ہے؛ اس کے فیصلے واشنگٹن کے اسٹراٹیجک مفادات کے بجائے، اس کی اپنی نفسیاتی ضروریات اور ذاتی مفادات سے ہی متاثر ہوتے ہیں۔
پیوتن سے ملاقات کے دوران، ٹرمپ نے انتہائی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، اور چین اور روس کے سربراہوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اس نے وضاحت کی کہ وہ روسی صدر کو اپنا دوست کیوں سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے بتایا کہ 2016 کے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے الزامات اور ٹرمپ کی انتخابی مہم اور ماسکو کے درمیان ملی بھگت کے دعوؤں کے باوجود، اس کے ساتھ پیوتن کا رویہ بالکل دوستانہ رہا تھا۔
پیوتن کا حوالہ دیتے ہوئے، امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ 2020 کا الیکشن جیت جاتا، تو روس یوکرین پر حملہ نہ کرتا۔
ٹرمپ پیوتن کی جانب سے امریکی ردعمل کے کسی ممکنہ خدشے کو اس کی وجہ قرار نہیں دیتا، بلکہ اسے اپنے اور روسی صدر کے درمیان ذاتی اور دوستانہ تعلقات کا نتیجہ قرار دیتا ہے؛ حالانکہ پیوتن نے یوکرین میں جنگ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے بارہا روسی تاریخ اور شناخت کا حوالہ دیا ہے۔
یہ ٹرمپ کا نظریۂ کائنات اور دنیا کو دیکھنے کا انداز ہے: ایک ایسا نقطہ نظر جس میں رہنماؤں کے مابین ذاتی تعلقات، قومی مفادات اور بنیادی جیو پولیٹیکل تقاضوں کی جگہ لے لیتے ہیں۔
سی این این (CNN) کی رپورٹر کیٹلن کولنز نے ٹرمپ سے پوچھا تھا کہ کیا پیوتن کے دوستانہ تعلقات امریکہ کے ساتھ ہیں یا صرف ٹرمپ کے ساتھ؟ تو ٹرمپ نے جواب دیا، "میں امریکہ کی جانب سے بات نہیں کر سکتا۔"
یہ ایک ایسا طرزِ عمل ہے جس میں ٹرمپ خود کو اپنے ملک کے مفادات کا نمائندہ نہیں سمجھتا؛ بلکہ، وہ اپنے ذاتی تعلقات اور اپنی ذاتی حیثیت کو اپنی خارجہ پالیسی کے مرکز میں رکھ دیتا ہے۔
چین: ٹرمپ کے ساتھ ذاتی تعلقات سے فائدہ اٹھانے والا ملک
شینزین میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں، ٹرمپ نے فخر کے ساتھ کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ہوائی اڈے پر امریکی وفد کا استقبال کیا۔
ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ شی جن پنگ اس سے قبل کبھی جو بائیڈن کے استقبال کے لئے ہوائی اڈے پر نہیں آئے تھے، اور شی کا یہ اقدام بیجنگ کی جانب سے واشنگٹن کے لئے احترام کو ظاہر کرتا ہے!
ٹرمپ کے نزدیک، چین امریکہ کا احترام اس لئے کرتا ہے کہ "وہ" ـ یعنی خود ٹرمپ ـ امریکہ کا صدر ہے!
ممکنہ طور پر شی جن پنگ امریکی سربراہ کے طور پر ٹرمپ کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ ٹرمپ کی پالیسیوں نے درحقیقت چین کی پوزیشن مضبوط بنانے میں مدد دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رپورٹ: میثم یعقوبی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

آپ کا تبصرہ