25 نومبر 2026 - 14:43
ایران کے ساتھ جنگ ​​میں امریکہ کی شکست روس اور چین کے حق میں ہے، میئرشیمر

بین الاقوامی تعلقات کے ایک ممتاز ماہر کا کہنا ہے کہ روس اور چین کے پاس، ایران کے ساتھ جنگ ​​ختم کرنے میں، ٹرمپ کی مدد کرنے کی،  نہ صرف کوئی وجہ (اور محرک) نہیں ہے، بلکہ ایسی کسی بھی کشمکش میں امریکہ کی شکست سے، انہیں فائدہ ہی پہنچتا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کے ماہر اور شکاگو یونیورسٹی کے پروفیسر، ڈاکٹر جان میئر شیمر (Dr. John Mearsheimer) نے بین الاقوامی سطح پر ڈونلڈ ٹرمپ کی کمزور پوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اس [شینزین کی] سہ فریقی ملاقات میں ـ جس میں روسی رہنما ولادیمیر پیوٹن اور چینی رہنما شی جن پنگ بھی شریک تھے ـ ایک کمزور پوزیشن کے ساتھ شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر جان میئر شیمر نے، سابق امریکی جج اینڈریو ناپولیتانو (Andrew Napolitano) کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ واشنگٹن اس وقت ایران اور یوکرین سے متعلق تنازعات میں الجھا ہؤا ہے؛ اور ان دونوں معاملات میں امریکہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا: "ایران کے ساتھ جنگ ​​کے حوالے سے، ٹرمپ اس تنازع کے خاتمے کے لئے روس اور چین کی مدد حاصل کرنے کے لئے بے چین ہے؛ تاہم، ان دونوں ممالک کا مفاد اس بات میں ہے کہ امریکہ کو شکست ہو۔"

پروفیسر میئرشیمر نے کہا: ٹرمپ اندرونِ ملک اور بین الاقوامی سطح پر کمزور پوزیشن میں ہے، چنانچہ وہ واشنگٹن کو درپیش بحرانوں کے حل کے لئے روس یا چین کی حمایت پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔"

میئرشیمر نے ٹرمپ، پیوتن اور شی کے درمیان ہونے والی سہ فریقی ملاقات کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "اگرچہ ایران، یوکرین یا جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول جیسے مسائل پر کوئی ٹھوس معاہدہ تو نہیں ہو سکا، لیکن دنیا کی تین جوہری طاقتوں کے رہنماؤں کا براہِ راست بات چیت کرنا ہی ایک مثبت قدم تھا۔"

انھوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ، روس اور چین کے پاس وسیع پیمانے پر موجود جوہری ہتھیاروں اور ان کے مابین سیکورٹی رقابتوں کے پیشِ نظر، ان ممالک کے رہنماؤں کے درمیان براہِ راست رابطہ، ممکنہ بحرانوں کو سنبھالنے اور کشیدگی کو جنگ میں تبدیل ہونے سے باز رکھنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha