اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے جنوبی لبنان کے ایک اسکول کے طلبہ کے خلاف صیہونی قابض فوج کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کا سرکاری اسکول ’’دبل‘‘ میں گھسنا اور طلبہ کو فوجی و تشہیری تماشے کا حصہ بنانا، تعلیمی اداروں کے تقدس اور بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض فوج کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمارے بچوں کو اپنے قبضے کی شبیہ بہتر بنانے یا جنوبی لبنان کے عوام پر اپنا تسلط مسلط کرنے کے لیے استعمال کرے۔
نواف سلام نے مزید کہا کہ قبضے کے باوجود رمیش، عین ابل اور دبل کے دیہات میں اپنے عوام کی ثابت قدمی برقرار رکھنے میں مدد دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم ان علاقوں کے لوگوں کو درکار ضروریات فراہم کرنے اور لبنان کی حکومت اور اس کے اداروں کے ساتھ ان کا مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔
دوسری جانب لبنان کی وزیر تعلیم و اعلیٰ تعلیم ریما کرامی نے بھی جنوبی لبنان کے سرکاری ثانوی اسکول ’’دبل‘‘ میں صیہونی فوج کے ترجمان کی موجودگی اور طلبہ کی موجودگی میں اسکول کے اندر تشہیری مناظر کی عکس بندی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے تعلیمی اداروں کے تقدس، بچوں کے حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
طلبہ کو تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کرنا
لبنان کی وزارتِ تعلیم نے اپنے ایک بیان میں، جسے لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے شائع کیا، وضاحت کی ہے کہ صیہونی فوج کے ترجمان کی اسکول کے اندر موجودگی کی ویڈیو ایک ماہ سے زیادہ پرانی ہے۔
وزارت نے تاکید کی کہ اسے اس واقعے کی اطلاع نہیں تھی۔ صیہونی فوج نے اسکول پر دھاوا بول کر اور جماعتوں میں داخل ہوکر طلبہ کو ایسے مناظر میں استعمال کیا جن کی نوعیت فوجی اور ابلاغی تشہیر پر مبنی تھی۔
ریما کرامی نے کہا کہ بچوں اور تعلیمی اداروں کی موجودگی کو فوجی اور تشہیری مظاہروں کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ یہ بچوں کے حقوق کے کنونشن، جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جن میں تعلیمی اداروں کے تحفظ اور انہیں تنازعات سے دور رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ تعلیم اس معاملے کو رائج ضوابط اور قوانین کے مطابق متعلقہ اداروں کے ساتھ اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج کی ترجمان آیلا واویہ نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی لبنان کے اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے ایک اسکول کے طلبہ سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ویڈیو میں سرکاری ثانوی اسکول ’’دبل‘‘ میں اپنی موجودگی کے مناظر ریکارڈ کیے ہیں۔ دبل جنوبی لبنان کے ضلع بنت جبیل میں واقع ہے۔
اس دوران لبنان کی اساتذہ انجمن نے بھی اسرائیلی فوج کے ترجمان کی اسکول میں داخلے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور وزارتِ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسکولوں، طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔
انجمن نے کہا کہ صیہونی فوج کے ترجمان کا یہ اقدام لبنان کی خودمختاری اور تعلیمی اداروں کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے علاوہ قابض فوج کی شبیہ بہتر بنانے کے لیے اسکولوں اور طلبہ کو فوجی تشہیر کے لیے استعمال کیا گیا ہے، حالانکہ یہ قابض فوج قتل و جرائم اور دیہات و رہائشی مکانات پر دھاوے بولنے کے لیے مشہور ہے۔
یہ ایسے وقت میں ہے جب صیہونی فوج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں اور جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ