23 نومبر 2026 - 11:41
عالمی امن کے فروغ میں بین المذاہب بات چیت اہم ہے؛ ایران اور بھارت کے مذہبی اقدار مشترک ہیں

ایران کی اسلامی ثقافت و روابط کی تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مکالمہ اور باہمی تعاون عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مذہبی تعلیمات میں بھی خدا کی وحدانیت اور کائنات کے خالق کے بے مثل و بے شریک ہونے کا عقیدہ پایا جاتا ہے، جو اسلامی تصورِ توحید اور روحانی تعلیمات سے گہری مماثلت رکھتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی (ابنا) کے مطابق، ایمانی پور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی پہلی تہذیبی مکالماتی کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت کے دورے پر تھے۔ اس دوران انہوں نے منگل، 17 نومبر کو نئی دہلی کے معروف اکشردھام مندر کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات گنمونی داس سوامی سے ہوئی اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران ایمانی پور نے کہا کہ بھارت کی تاریخ اور تہذیب نہایت قدیم اور وسیع ہے، جس کی جڑیں تیسری ہزارہ قبل مسیح تک پہنچتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک مختلف نسلوں، زبانوں، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا مسکن ہے۔ ان کے مطابق، ایران اور بھارت کے درمیان بھی گہرے تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی روابط موجود ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ کئی صدیوں تک فارسی زبان بھارت کی سرکاری اور دفتری زبان رہی ہے۔ بھارت میں فارسی زبان اور ثقافت کے تقریباً 800 سالہ اثرات کے دوران، بھارتی معاشرے نے ایرانی تہذیب اور فارسی ادب سے بہت فائدہ اٹھایا۔ بیدل اور امیر خسرو دہلوی جیسے نامور شعرا اس مشترکہ ثقافتی ورثے کی نمایاں مثالیں ہیں۔

ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران اور بھارت میں روحانیت، اخلاقیات، علمی جستجو اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے پُرامن بقائے باہمی کی طویل روایات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اپنے مشترکہ تہذیبی ورثے سے استفادہ کرتے ہوئے عصرِ حاضر کی دنیا کے سامنے ایک مثبت سماجی اور ثقافتی نمونہ پیش کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں خاندانی نظام، روحانیت، اخلاقی اقدار اور سماجی زندگی میں مذہب کے کردار کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اور انہیں دونوں ممالک کے مشترکہ اہم موضوعات قرار دیا گیا۔ دونوں جانب سے مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور ثقافتی اداروں کے درمیان روابط اور تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر گنمونی داس سوامی نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا اور اسلام و ہندو مت کے درمیان مذہبی مکالمے کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ایرانی علما اور مذہبی رہنماؤں کی شرکت سے ایسے پروگراموں کے انعقاد کی حمایت کی اور اس اقدام کو آگے بڑھانے کے لیے ماہرین کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha