19 نومبر 2026 - 15:45
سعودی فوج کی عدن سے ہنگامی انخلا کی تیاری؛ شہر پر کنٹرول ختم ہونے کی صورت میں فرار کی مشقیں

یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق، عدن میں تعینات سعودی فوجی کمان نے شہر پر کنٹرول ختم ہونے کی صورت میں ہنگامی انخلا کی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ ان مشقوں میں فوجی اڈوں کو فوری خالی کرنے اور زمینی و سمندری راستوں سے محفوظ انخلا کی تیاری شامل ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمنی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ عدن شہر میں تعینات سعودی فوج نے شہر پر کنٹرول ختم ہونے کے منظرنامے کو سامنے رکھتے ہوئے عملی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد فوجی اڈوں کو فوری خالی کرنے کی منصوبہ بندی اور پسپائی کے راستوں کو محفوظ بنانا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق، سعودی افسران نے مشترکہ افواج کے مراکز، بالخصوص البریقہ کے علاقے میں مشترکہ افواج کے کمانڈ ہیڈکوارٹر اور عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مرکز میں مختلف فوجی مشقیں اور کارروائیاں کی ہیں۔

جاری کردہ اطلاعات کے مطابق، ان مشقوں میں ردعمل ظاہر کرنے کے وقت کا جائزہ لینا، فوجی اڈوں کو خالی کرنے کی کارروائی اور سعودی افسران کے لیے زمینی اور سمندری راستوں سے انخلا کو محفوظ بنانا شامل ہے۔ یہ اقدامات کسی ہنگامی فوجی صورت حال میں، شہر پر کنٹرول کو خطرہ لاحق ہونے کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔

یہ مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب یمن میں فوجی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور صورت حال میں غیر یقینی پائی جاتی ہے۔ ان مشقوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی فوجی کمان کو ممکنہ تبدیلیوں پر تشویش ہے، جن کے نتیجے میں عدن کی فوجی صورت حال یکسر بدل سکتی ہے۔

دوسری جانب، انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن ضیف اللہ الشامی نے سعودی حمایت یافتہ کرائے کے فوجیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں یمنی مسلح افواج کی پیش قدمی کے منصوبے کے بارے میں کہا ہے کہ ’’صنعاء کے لیے یہ جنگ آبنائے باب المندب کے دفاع کا ایک حصہ ہے اور جنوبی صوبوں کی جانب پیش قدمی ان کی حکمت عملی میں شامل نہیں ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کا عدن کی جانب پیش قدمی کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم جہاں بھی کوئی فوجی اڈہ یا کرائے کے فوجیوں کا اجتماع گاہ یمنی مسلح افواج کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی جائے گی، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha