19 نومبر 2026 - 15:26
اقبال فیسٹیول ایران اور پاکستان کے ثقافتی روابط کے فروغ کا ذریعہ بن سکتا ہے، محمد مہدی دادمان

اسلامی انقلاب کے آرٹ سینٹر کے سربراہ محمد مہدی دادمان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال لاہور ی کے نام سے منعقد ہونے والا بین الاقوامی ثقافتی و فنونِ لطیفہ کا میلہ ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعاون کو وسعت دینے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی انقلاب کے آرٹ سینٹر کے سربراہ محمد مہدی دادمان نے جمعرات کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس اور اقبال فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلامی انقلاب کے آرٹ سینٹر میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستان کے سفیر سمیت متعدد فنکاروں، مفکرین اور علامہ اقبال لاہوری سے دلچسپی رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ دادمان نے تمام مہمانوں اور شرکا کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے قوموں کے درمیان روابط قائم کرنے میں فکر اور فن کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فکر اور فن جغرافیائی سرحدوں سے آگے بڑھ کر قوموں کے درمیان نئے رشتے قائم کر سکتے ہیں۔ یہ روابط وقت اور جگہ کی حدود کے پابند نہیں ہوتے بلکہ مختلف ثقافتوں کو ایک دوسرے کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

آرٹ سینٹر کے سربراہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان گہرے ثقافتی اور فکری رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہمیں ثقافت، فکر اور فن کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تبادلے اور باہمی تعاون کے مواقع بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے اور خطے کی اقوام کی شراکت سے مشترکہ بڑے ثقافتی اور فکری منصوبے شروع کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے چاہییں۔

دادمان نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب آئندہ بھی جاری رہے گی اور وسیع تر ثقافتی و فنی تعاون کے آغاز کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ نشست ایک طویل المدتی پروگرام کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگی، جو ایک طرف علامہ اقبال لاہوری کی شخصیت اور افکار کو بہتر طور پر سمجھنے اور متعارف کرانے میں مدد دے گا اور دوسری طرف ایران، پاکستان اور خطے کی دیگر اقوام کے درمیان ثقافتی تبادلے کی راہ ہموار کرے گا۔

آخر میں انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس اور جشنوارۂ اقبال میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha