اہل بیت(ع) عالمی خبر رساں ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے فرانسیسی ٹی وی چینل فرانس 24 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کی پالیسی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دو گزرگاہوں کے سوا تمام مشترکہ سرحدی راستے بند کر دیے جائیں، تاہم ان کے بقول اس مطالبے پر عمل درآمد عملاً ممکن نہیں۔
عراقی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری اور غیر سرکاری سرحدی گزرگاہوں کی بڑی تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’’ہم ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند نہیں کر سکتے۔ یہ اقدام انتہائی مشکل ہوگا اور درحقیقت عراقی عوام پر پابندیاں لگانے کے مترادف ہے۔ ہم نے اب تک اس مطالبے پر عمل نہیں کیا، تاہم امریکی فریق کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ ایران کے ساتھ سرحدی تجارت محدود کرنے کے اثرات صرف تہران کی معیشت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے عراق کی تجارت، آمد و رفت اور اقتصادی مفادات کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔
فؤاد حسین کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عراق اور ایران کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کی صورت حال میں متعدد تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
عراق نے 21 اکتوبر کو سکیورٹی اور تکنیکی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے شیب سرحدی گزرگاہ بند کر دی تھی، تاہم 10 نومبر کو اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔
اسی طرح جمعے کے روز مندلی سرحدی گزرگاہ کی عارضی بندش کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ دوسری جانب، الحُرہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی کہ شیب گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ داخلی دباؤ اور رابطہ فریم ورک کے بعض رہنماؤں کی عراقی وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے حالات میں ہوئی ہے جب واشنگٹن مسلسل عراق سے ایران کے ساتھ سرحدی روابط محدود کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ بغداد امریکی دباؤ سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اپنے مشرقی ہمسایہ ملک سے تعلقات منقطع کرنے کے اقتصادی اور سیاسی نتائج سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عراقی وزیر خارجہ نے انٹرویو کے ایک اور حصے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہ جنگ اور نہ امن کی موجودہ صورت حال طویل عرصے تک برقرار نہیں رہ سکتی اور بالآخر خطے کو امن یا جنگ میں سے کسی ایک سمت جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بحران کا دائرہ اب امریکہ اور اسرائیل کے ایران کے ساتھ تصادم تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کشیدگی نے پورے خطے کو متاثر کیا ہے اور عراق بھی اس کے نتائج سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ اسی وجہ سے بغداد خود کو کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششیں کرنے کا پابند سمجھتا ہے۔
فؤاد حسین نے عراق کے سفارتی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے اس ملک کے وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ تہران اور ایرانی حکام سے ملاقاتوں کو بھی علاقائی بحران کو قابو میں رکھنے کے لیے بغداد کی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
عراقی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ حکومت مسلح گروہوں کے ساتھ ان کے ہتھیار ریاستی کنٹرول میں دینے کے معاملے پر مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس عمل کو جون 2027 تک نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فؤاد حسین کے مطابق، بعض گروہوں نے اس عمل سے اتفاق کر لیا ہے، جبکہ دیگر گروہوں کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں۔
آپ کا تبصرہ