اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایک ایسے وقت میں جب یمنی فورسز سعودی عرب کے اہم اہداف پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی کارروائیوں کا دائرہ ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات سے بڑھ کر مالیاتی مراکز تک پہنچ چکا ہے، یمن کی حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے رکن عبدالملک العجری نے گزشتہ شب اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب یمن کے بحران میں جتنی بھی سیاسی، اقتصادی یا سکیورٹی پیچیدگیاں پیدا کرے گا، ان کا نتیجہ الٹا نکلے گا اور یہ اقدامات ریاض کے لیے سنگین دباؤ کا باعث بنیں گے۔
العجری نے سعودی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صنعا میں جو کچھ بوئیں گے، ریاض میں وہی کاٹیں گے۔ یمن کے بحران کو مزید شدت دینے کی سعودی کوششیں الٹا اسی کے لیے نقصان دہ ہوں گی، سعودی عرب کی سلامتی کو مزید کمزور کریں گی اور اس کی معیشت پر مستقل دباؤ ڈالیں گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یمن ایسا میدان نہیں جسے دور بیٹھ کر کنٹرول کیا جا سکے یا جہاں بحران پیدا کرکے اپنے مقاصد حاصل کیے جا سکیں، بلکہ یہ سعودی عرب کا ہمسایہ ملک ہے۔ تجربے سے ثابت ہو چکا ہے کہ یمن کا جغرافیہ بے رحم ہے اور سرمایہ کار کاغذوں کے بجائے نقشوں اور زمینی حقائق کو دیکھتے ہیں۔
یمنی عہدیدار نے مزید کہا کہ جو بھی پالیسی یمن کے جغرافیائی حقائق اور یمن کی سلامتی کے ساتھ خطے کی سلامتی کے براہِ راست تعلق کو نظرانداز کرے گی، وہ استحکام پیدا نہیں کر سکے گی، بلکہ اس کے برعکس بحران کے نتائج تمام متعلقہ فریقوں کے لیے مزید سنگین ہو جائیں گے۔
آپ کا تبصرہ