7 نومبر 2026 - 07:10
یمن کی مسلح افواج کی مأرب شہر کے شمال مغربی دروازے تک پیش قدمی

حزبِ اصلاح سے وابستہ فورسز کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد یمن کی مسلح افواج نے ضلع رغوان کے بیشتر علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

اہلِ بیت علیہم السلام انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کی مسلح افواج نے گزشتہ روز مغربی مأرب میں رغوان، الکسارہ اور وادی حلحلان کے محاذوں پر حزبِ اصلاح سے وابستہ فورسز کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد شہر کے شمال مغربی دروازے تک پیش قدمی کی۔

لبنان کے اخبار الاخبار کی رپورٹ کے مطابق، فوجی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ضلع رغوان کے بیشتر علاقوں کا کنٹرول یمن کی مسلح افواج کے ہاتھ میں آ گیا ہے اور ان فورسز نے وادی حلحلان میں بھی پیش قدمی کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، وادی المسجدي، مأرب کے مشرق میں واقع پہاڑی سلسلے الحزوم اور صفراء بنی شداد پر قبضے کے بعد یمن کی مسلح افواج ضلع رغوان کے مرکز، علاقے الاساس، کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

ان ذرائع نے مزید بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے اس علاقے میں تعینات سعودی اتحاد سے وابستہ 161ویں بریگیڈ کی دو فوجی بٹالینوں کے متعدد اہلکاروں کو بھی اسیر بنا لیا ہے، جبکہ بھاری اور نیم بھاری ہتھیاروں کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی ہے۔

صوبہ الجوف کی جنوبی سرحد پر واقع اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ضلع رغوان کی دفاعی لائنیں ٹوٹنے کے بعد یمن کی مسلح افواج نے آل مروان، الخربہ، حراضہ آل عتیق، صفراء العبدہ اور الحنایا سمیت متعدد علاقوں کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا۔ اس سے پہلے ان علاقوں میں حزبِ اصلاح سے وابستہ فورسز تعینات تھیں۔

مذکورہ ذرائع کے مطابق، 161ویں پیادہ بریگیڈ کے اہلکار دفاعی لائنیں ٹوٹنے کے بعد اپنے مورچے چھوڑ کر مأرب شہر کے اندر پسپا ہو گئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha