31 اکتوبر 2026 - 11:12
یمن: سعودی عرب اپنی شرمناک ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹے دعوے کر رہا ہے

یمن کی وزارت خارجہ نے مکہ مکرمہ پر حملے سے متعلق سعودی عرب کے تازہ دعوے کو اپنی فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور مسلم دنیا میں یمن کے خلاف جذبات بھڑکانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،سعودی حکام ایک بار پھر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یمن کے دارالحکومت صنعاء سے مکہ مکرمہ کی جانب حملہ کیا گیا ہے۔ یمن کی وزارت خارجہ نے گزشتہ شب ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات پر یمن کے حملوں سے متعلق سعودی حکومت کے مسلسل بے بنیاد دعووں کے پیچھے کئی مقاصد کارفرما ہیں۔

یمنی وزارت خارجہ کے مطابق، سعودی عرب ان دعوؤں کے ذریعے اپنی تیل کی تنصیبات اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں ناکامی اور یمنی عوام کے مقابلے میں اپنی فورسز اور ان کے حمایت یافتہ عناصر کی عبرت ناک شکستوں کو چھپانا چاہتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ جھوٹا پروپیگنڈا سعودی حکومت کے روزمرہ جرائم، جن میں خواتین اور بچوں کا قتل، شہری آبادی کو نشانہ بنانا اور عرب و اسلامی ممالک کے سادہ لوح حلقوں کو یمن میں سعودی عرب کے پیدا کردہ دلدل میں دھکیلنے کی کوششیں شامل ہیں، سے توجہ ہٹانے کے لیے بھی کیا جا رہا ہے۔

یمنی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب ان بڑے جھوٹوں کے ذریعے اپنے مذموم اور جارحانہ مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا، بلکہ اس کا طرزِ عمل اسلامی مقدس مقامات کے حوالے سے اس کے عزائم اور ان مقامات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کرتا ہے۔

یہ بیان سعودی حکومت کے اس تازہ دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون کو روک لیا ہے جو مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

یمنی وزارت خارجہ کے مطابق، سعودی عرب یمن میں اپنے حمایت یافتہ عناصر کی مسلسل ناکامیوں اور یمنی عوام و مسلح افواج کی مزاحمت کے باعث محاذ پر ہونے والی شکستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مکہ مکرمہ پر حملے کا پرانا اور بے بنیاد دعویٰ دہرا رہا ہے۔ اس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات بھڑکانا اور انہیں یمن کے خلاف اپنی جارحانہ پالیسیوں کی حمایت پر آمادہ کرنا ہے۔

اسی سلسلے میں یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے بھی گزشتہ روز سعودی عرب کے ان دعوؤں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی افواج نے اس روز سعودی عرب کی سرزمین کے اندر کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی۔

انہوں نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں ڈرون روکنے سے متعلق سعودی دشمن کے دعوے کو بہت بڑا الزام اور صریح جھوٹ قرار دیا۔

یحییٰ سریع نے زور دے کر کہا کہ یمنی افواج کی کارروائیوں کا ہدف دشمن کی تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈے ہوتے ہیں۔ ان کے بقول، دنیا میں اب کوئی بھی سعودی حکومت کے ان الزامات اور جھوٹے دعوؤں پر یقین نہیں کرتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha