21 اکتوبر 2026 - 08:51
عبداللھی : دشمن کے مہنگے ہتھیار سستے آلات سے ناکارہ بنا دیں گے

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی کا کہنا ہے کہ ایران جدید ڈرونز اور کم لاگت مگر مؤثر دفاعی آلات کے ذریعے دشمن کے مہنگے اور جدید ہتھیاروں کو ناکام بنا سکتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاءؐ کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے ایرانی فوج کی ڈرون سازی کی تنصیبات اور پیداواری لائنوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایرانی فوج کی ڈرون سازی میں پیش رفت، جدید صلاحیتوں اور نئی اختراعات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں ملک کی مسلح افواج کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی ماہرین نے ایسے جدید ڈرونز تیار اور اپ گریڈ کیے ہیں جو اپنے سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ترقی یافتہ اور نئی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ حالیہ دو جنگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران مستقبل میں دشمن کی جارحیت کا مزید سخت جواب دے سکے گا۔

میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ دشمن جدید اور مہنگے فوجی سازوسامان سے لیس ہے، اس لیے ضرورت پڑنے پر ایران مختلف حکمتِ عملیوں اور غیر روایتی جنگی آلات کے ذریعے اس کا مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو ایران وسیع پیمانے پر کم قیمت مگر مؤثر آلات استعمال کرکے اس کے مہنگے اور جدید ہتھیاروں کی افادیت ختم کر دے گا۔ ان کے مطابق، اس حکمتِ عملی سے دشمن کو بھاری مالی نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے دفاعی شعبے میں خودکفالت کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وہ راستہ ہے جس پر چلنے کی ہدایت شہید رہبر نے دی تھی، جو ہمیشہ مضبوط ایران اور سائنسی و دفاعی ترقی کے حامی رہے۔

انہوں نے دشمنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج، رہبرِ انقلاب سید مجتبیٰ خامنہ ای کی متعین کردہ پالیسی کے مطابق، ملک کی سرزمین اور اسلامی انقلاب کی اقدار کے خلاف کسی بھی جارحیت کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیں گے۔

عبداللہی نے مزید کہا کہ دشمن کے جرائم نے ایرانی قوم اور مسلح افواج کے عزمِ مزاحمت کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کے بقول، ایرانی عوام کو یقین ہے کہ ثابت قدمی اور صبر کے نتیجے میں بالآخر کامیابی حاصل ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha