اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کی اعلیٰ اسلامی شیعہ کونسل کے نائب سربراہ شیخ علی خطیب نے بغداد میں عراق کی متعدد سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور جنوبی لبنان کی بحرانی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
شیخ علی خطیب نے عمار حکیم، صادقون پارلیمانی اتحاد کے سربراہ شیخ قیس خزعلی، عراق کے سابق وزیراعظم عادل عبدالمہدی اور بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران شیخ علی خطیب نے کہا کہ جنوبی لبنان کے عوام اب بھی خطرے میں ہیں اور اسرائیلی حکومت مقبوضہ علاقوں میں تباہی اور دھماکوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور اپنے شہروں اور دیہات سے باہر مشکل معاشی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
لبنان کی اعلیٰ اسلامی شیعہ کونسل کے نائب سربراہ نے عراق کو لبنان کا ’’عرب پشت پناہ‘‘ قرار دیتے ہوئے بغداد سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنانی عوام کے لیے اپنی سیاسی، معاشی اور سماجی حمایت مزید بڑھائے۔
انہوں نے مقبوضہ لبنانی علاقوں کی آزادی اور بے گھر افراد کے لیے اپنے گھروں کو عزت و وقار کے ساتھ واپس جانے کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
عادل عبدالمہدی سے ملاقات کے دوران امام موسیٰ صدر کے لبنان میں اتحاد، محروم طبقات کے دفاع اور ان کے حقوق کے لیے کردار کو بھی یاد کیا گیا۔ ملاقات میں لبنان کی سیاسی، عسکری اور انسانی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں موجود قوتوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو ضروری قرار دیتے ہوئے اشتعال انگیز منصوبوں اور استعماری و صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے پر بھی زور دیا۔
شیخ علی خطیب اپنے دورۂ عراق کے اگلے مرحلے میں نجف جائیں گے، جہاں وہ عراق کے متعدد مذہبی علما اور دینی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ