اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی فوج اور انصار اللہ نے گزشتہ شب اور آج علی الصبح دفاعی اور جوابی کارروائیوں کے دوران سعودی عرب سے وابستہ جنگجوؤں کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ یمنی ذرائع کے مطابق ایک سعودی جاسوس ڈرون بھی مار گرایا گیا۔
یمنی ذرائع نے بتایا کہ صوبہ اِب میں سعودی عرب کا ایک جاسوس ڈرون تباہ کیا گیا۔ اس کارروائی کو یمنی فوج کی جانب سے سعودی نگرانی کی سرگرمیوں کے خلاف اہم دفاعی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب یمنی فوج اور انصار اللہ نے صوبہ تعز کے بندرگاہی علاقے المخا میں سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے ٹھکانوں اور اسلحے کے اہم ذخائر پر متعدد میزائل داغے۔
المخا بندرگاہ یمن میں سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں تک ہتھیار پہنچانے کے اہم راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ یمنی ذرائع کے مطابق میزائل حملوں کے نتیجے میں مذکورہ ٹھکانوں اور گولہ بارود کے ذخائر کو نقصان پہنچا۔
اسی دوران صوبہ الحدیدہ کے جنوب میں واقع شہر الخوخہ میں بھی شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یہ علاقہ سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے قبضے میں بتایا جاتا ہے۔
حملوں کے بعد انصار اللہ یمن کے سینئر رہنما حزام الاسد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ سعودی دشمن کو یمن میں اپنے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے لیے کوئی محفوظ مقام نہیں ملے گا۔
یمنی حکام اور انصار اللہ کی جانب سے حالیہ کارروائیوں کو ملک میں سعودی اثر و رسوخ اور اس کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے خلاف مزاحمت کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ