اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شمالی افریقہ کے ساحل پر واقع اسپین کے زیر انتظام شہر سیوٹا، یورپی یونین کی حساس ترین زمینی سرحدوں میں شمار ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ہزاروں مہاجرین کی آمد کے بعد ہسپانوی حکومت نے علاقے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسپین غزہ میں صہیونی حکومت کی فوجی کارروائیوں کے سخت ترین ناقدین میں شامل ہو چکا ہے۔ ہسپانوی حکومت متعدد بار فوری جنگ بندی، غزہ تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور فلسطینی عوام کے حقوق کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، میڈرڈ اور تل ابیب کے درمیان اختلافات حالیہ بحران سے پہلے ہی بڑھ رہے تھے۔ اسپین نے 2024ء میں ریاست فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا اور غزہ جنگ کے دوران بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ان مؤقف پر صہیونی حکومت نے منفی ردعمل ظاہر کیا، جبکہ اقوام متحدہ میں صہیونی نمائندے کی جانب سے سیوٹا اور میلیلیہ سے متعلق بیان کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان سفارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ سیوٹا میں مہاجرین کی حالیہ لہر اور سیاسی اختلافات کے درمیان کسی براہِ راست تعلق کا کوئی ثبوت موجود نہیں، تاہم اس ہم زمانی نے ایک بار پھر یہ ظاہر کیا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی بحران یورپ میں ہجرت، سرحدی سلامتی اور سفارتی تعلقات جیسے معاملات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، مہاجرین کے انتظام میں اسپین اور مراکش کے قریبی تعاون، نیز 2020ء میں مراکش اور صہیونی حکومت کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد رباط اور تل ابیب کے بڑھتے ہوئے روابط نے مغربی بحیرۂ روم کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ سیوٹا اب صرف ایک سرحدی شہر نہیں رہا بلکہ بحیرۂ روم کے خطے میں سلامتی، انسانی بحران اور جغرافیائی سیاست کے باہمی تعلق کی علامت بن چکا ہے، جہاں غزہ جنگ، ہجرت، یورپ اور شمالی افریقہ کے تعلقات اور سفارتی پیش رفت ایک دوسرے سے گہری طور پر جڑی ہوئی ہیں۔
آپ کا تبصرہ