5 اگست 2026 - 15:02
مآخذ: ابنا
حسینؑ راہِ انصاف کے مجاہد، کربلا میں مسیحی مفکر کی کتاب کی رونمائی

اربعین حسینی کی تقریبات کے موقع پر کربلا میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس "امام حسینؑ مختلف ادیان اور مذاہب کی نظر میں" کے دوران برطانوی مسیحی محقق اور اسلامی مطالعات کے ماہر پروفیسر کرس ہیور کی نئی کتاب "حسین؛ جدوجہد برائے انصاف" کی رونمائی کی گئی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کی تقریبات کے موقع پر کربلا میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس "امام حسینؑ مختلف ادیان اور مذاہب کی نظر میں" کے دوران برطانوی مسیحی محقق اور اسلامی مطالعات کے ماہر پروفیسر کرس ہیور کی نئی کتاب "حسین؛ جدوجہد برائے انصاف" کی رونمائی کی گئی۔

تقریب میں مصر، عراق، ترکی اور ایران سمیت مختلف ممالک کے علماء، محققین اور تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ امام حسینؑ کی تعلیمات کو عالمی سطح پر تحقیق اور مکالمے کے ذریعے مختلف معاشروں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

اپنے خطاب میں پروفیسر کرس ہیور نے کہا کہ امام حسینؑ کی شخصیت کسی ایک مذہب یا مسلک تک محدود نہیں بلکہ ان کی جدوجہد پوری انسانیت کے لیے انصاف، عزم اور اخلاقی ذمہ داری کا پیغام رکھتی ہے۔ ان کے مطابق کتاب میں امام حسینؑ کی زندگی سے حاصل ہونے والے مختلف اسباق کو عام فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا یہ سبق دیتا ہے کہ طاقت کے استعمال سے پہلے امن اور انسانی جان کے احترام کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ان کے بقول، اربعین کا اجتماع باہمی تعاون، ایثار اور انسان دوستی کی ایک منفرد مثال ہے، جہاں بلا امتیاز مذہب و قوم لاکھوں افراد کی خدمت کی جاتی ہے۔

کانفرنس میں دیگر مقررین نے بھی امام حسینؑ کی سیرت، واقعۂ کربلا کی تاریخی اہمیت، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی تاریخ سے متعلق مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ اختتامی تقریب میں مقررین نے انصاف، ذمہ داری، اتحاد اور ظلم کے خلاف استقامت کے پیغام کو عصر حاضر میں مزید مؤثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha