26 جولائی 2026 - 16:45
لبنان: مفتی جعفری: قومی اتفاقِ رائے کے بغیر مضبوط ریاست قائم نہیں ہو سکتی

بیروت: لبنان کے ممتاز جعفری مفتی شیخ احمد قبلان نے خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے تناظر میں اندرونی اتحاد کو مضبوط بنانے اور تمام سیاسی قوتوں کی شمولیت سے ملک چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اتفاقِ رائے کے بغیر نہ مضبوط ریاست وجود میں آ سکتی ہے اور نہ ہی مؤثر حکومت قائم کی جا سکتی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیخ احمد قبلان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لبنان نئے علاقائی نظام کی اہم تبدیلیوں کے مرکز میں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ پالیسیوں کا دور ختم ہو چکا ہے اور خطے کے ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دے کر اپنے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔

انہوں نے عرب ممالک، ایران اور ترکیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ نے خطے میں واشنگٹن اور اسرائیل کی پالیسیوں کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

شیخ احمد قبلان نے کہا کہ لبنان اور شام کا امن اور استحکام داخلی اتحاد اور باہمی تعاون سے وابستہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے اور انتقامی سیاست اپنانے کا طرزِ عمل لبنان کے استحکام اور بقا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے بیروت اور دمشق کے تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان کے قومی مفادات اور خودمختاری کے دائرے میں فوج اور مزاحمت کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک جامع قومی دفاعی حکمت عملی مرتب کی جانی چاہیے۔

جعفری مفتی لبنان نے اپنے بیان میں پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کو لبنان کے اتفاقِ رائے پر مبنی سیاسی نظام کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ داخلی اتفاق کے بغیر کوئی قومی طاقت وجود میں نہیں آ سکتی۔

انہوں نے آخر میں زور دیا کہ معاہدۂ طائف پر مکمل عمل درآمد، قومی اتحاد، شراکتی سیاسی نظام کا تحفظ اور ملکی خودمختاری کو ترجیح دینا ہی لبنان کے استحکام، سلامتی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha