26 جولائی 2026 - 16:42
غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں؛ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے 290 روز گزرنے کے باوجود اسرائیلی فوج کی مختلف علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم آٹھ فلسطینی شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسپتالی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں خان یونس، دیر البلح، النصیرات کیمپ اور غزہ شہر کو نشانہ بنایا گیا۔ شہداء میں خالد البریم بھی شامل ہیں، جنہوں نے صرف ایک روز قبل ثانوی تعلیم کے اختتامی امتحان میں کامیابی کا جشن منایا تھا، مگر شمالی خان یونس پر حملے میں شہید ہو کر اپنے چار شہید بھائیوں سے جا ملے۔

اسی دوران شمالی غزہ پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عبدالناصر المقدمہ شیخ رضوان محلے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید ہوگئے، جبکہ کرنل یامن عبید گزشتہ ہفتے الفالوجہ پولیس مرکز پر حملے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت پا گئے۔

دیگر حملوں میں خان یونس کیمپ میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری اور ان کی خالہ شہید ہوگئیں، مغربی النصیرات کے علاقے السوارحہ میں حکیم ہمام عید شہید ہوئے، جبکہ دیر البلح میں اسپتالِ شہدائے الاقصیٰ کے مرکزی دروازے کے قریب ایک اور نوجوان فلسطینی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگیا۔

اسپتال کے اطراف حملے میں مزید 10 افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے مشرقی خان یونس میں بڑے پیمانے پر تین تخریبی کارروائیاں بھی کیں، جبکہ آج صبح جبالیہ میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار 198 فلسطینی شہید اور تین ہزار 853 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ امدادی اور سول ڈیفنس ٹیموں نے ملبے تلے سے مزید 803 شہداء کی لاشیں برآمد کی ہیں۔

وزارتِ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 73 ہزار 317 جبکہ زخمیوں کی تعداد 173 ہزار 961 تک پہنچ چکی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha