اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، صنعاء حکومت کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن "وحدتِ محاذ" کے اصول کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان ہم آہنگی مسلسل جاری ہے۔
بیان میں ایران کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی حملوں کا تسلسل نہ صرف حملہ آوروں بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوگا، جبکہ امریکہ اور اسرائیل اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
اسی سلسلے میں یمن کے مرکز برائے سیاسی و تزویراتی مطالعات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالعزیز ابوطالب نے نیوز ویب سائٹ "العہد" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد ایران نے خطے میں ایک مؤثر طاقت کے طور پر اپنی حیثیت مزید مستحکم کر لی ہے اور وہ یمن کے لیے صرف ایک اتحادی نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب یمن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر علی محمد رضائی نے صنعاء حکومت کے قائم مقام سربراہ محمد مفتاح سے ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں باہمی تعاون، رابطے اور مشترکہ حمایت کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
ادھر انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی العماد نے کہا کہ یمن کی فضائی ناکہ بندی کو توڑنے اور صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے ایران کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان عملی یکجہتی کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محورِ مزاحمت کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون اس اتحاد کے ارکان کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور مشترکہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے، جو خطے کی حالیہ پیش رفت کے مقابلے میں مزید نمایاں ہو رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ