اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، روضۂ مبارک امام رضاؑ کی انتظامیہ نے شہید رہبرِ انقلاب اسلامی اور ان کے اہل خانہ کے دیگر شہداء کی تشییع اور تدفین میں شرکت کے لیے مشہد آنے والے زائرین کی خدمت اور میزبانی کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق رضوی خدام اور رضاکاروں کے تعاون سے مشہد جانے والے مرکزی راستوں، خصوصاً امام رضاؑ کے بین الاضلاعی خدماتی مراکز پر 30 موکب قائم کیے گئے ہیں، جہاں زائرین کو کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسی طرح شہر مشہد اور روضۂ مبارک امام رضاؑ کے اطراف تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدام، رضاکاروں اور عوامی تنظیموں کے تعاون سے 400 سے زائد موکب زائرین کی خدمت کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
زائرین کی رہائش کے لیے زائر سراؤں، زائر شہر، تربیتی اداروں، نوجوانوں کے مراکز، امام رضاؑ اسکولوں، امام رضاؑ یونیورسٹی اور دیگر وابستہ مراکز میں دسیوں ہزار افراد کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔
طبی سہولتوں کے لیے بھی تمام وسائل مختص کر دیے گئے ہیں۔ رضوی سپر اسپیشلٹی اسپتال، دارالشفائے امامؑ اور 120 جدید طبی ٹیمیں، جن میں 2 ہزار 500 سے زائد ڈاکٹرز، نرسیں اور طبی عملہ شامل ہے، زائرین کو علاج اور طبی امداد فراہم کریں گے۔
انتظامیہ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 138 پر رابطہ کریں یا روضۂ مبارک امام رضاؑ کے سرکاری معلوماتی ذرائع سے رہنمائی حاصل کریں۔
آپ کا تبصرہ