اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مسجد مقدس جمکران کی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شہید رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی پر نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے والے زائرین کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات اور پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق خواتین زائرین کی رہائش کے لیے شبستان امام حسن عسکریؑ اور شبستان کاظمین مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مرد زائرین کے لیے شبستان کربلا اور شبستان بقیع کا انتظام کیا گیا ہے۔ خواتین صرف گیٹ نمبر ایک سے جبکہ مرد حضرات گیٹ نمبر دو اور چھ سے آمدورفت کر سکیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مسجد مقام آئندہ اطلاع تک بند رہے گی، جبکہ باجماعت نمازیں شبستان بقیع میں ادا کی جائیں گی اور گنجائش مکمل ہونے کی صورت میں شبستان امام حسن عسکریؑ میں بھی نماز کا اہتمام کیا جائے گا۔ شہید رہبرِ انقلاب کے جسدِ خاکی پر نمازِ جنازہ صحن جامع مہدوی میں ادا کی جائے گی۔
مسجد مقدس جمکران کی انتظامیہ نے زائرین سے درخواست کی ہے کہ وہ تقریب میں شرکت کے لیے جائے نماز (مہر)، قرآن مجید، تسبیح، چفیہ، پینے کا پانی، ہلکی غذائی اشیا اور اپنی ضروری ذاتی اشیا ساتھ لائیں۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر زائرین چاہیں تو جمہوری اسلامی ایران کا پرچم اور «یا لثارات» کا پرچم بھی ساتھ لا کر اس تاریخی تقریب کے شایانِ شان انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں۔
اعلامیے کے مطابق پارکنگ نمبر ایک اور دو کے علاوہ صحن حضرت ابراہیم خلیل اللہؑ خواتین زائرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صحن جامع مہدوی، صحن رسول اعظم ﷺ اور صحن عیسیٰ بن مریمؑ مرد زائرین کے لیے مخصوص ہوں گے۔ اسی طرح ہر حصے کے لیے الگ الگ وضو خانے اور دیگر سہولتوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
مسجد مقدس جمکران کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ آستان کے ثقافتی پروگرام پیر کی شام چھ بجے سے شروع ہوں گے اور شہید رہبرِ انقلاب کے جسدِ خاکی پر نمازِ جنازہ کی تقریب کے اختتام تک جاری رہیں گے۔ انتظامیہ نے تمام زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ نظم و ضبط کا خیال رکھیں، خدام کے ساتھ تعاون کریں اور اس تاریخی تقریب کے باوقار انعقاد میں بھرپور کردار ادا کریں۔
آپ کا تبصرہ