اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عراق کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا تہران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح رہے گا۔
اسماعیل بقائی نے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی سیاسی و سفارتی وفد کی بغداد آمد کے بعد عربی زبان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، "برادر ملک عراق کو سلام۔ ہم وزیر خارجہ کے ہمراہ بغداد پہنچ گئے ہیں، جہاں یومِ فتح کے شہداء کے کمانڈروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد عراقی صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان صدیوں پر محیط ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی رشتے موجود ہیں، اسی لیے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہمیشہ تہران کی ترجیحات میں شامل رہے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اتوار کی صبح ایک اعلیٰ سطحی سیاسی اور سفارتی وفد کے ہمراہ بغداد پہنچے۔ انہوں نے آمد کے بعد شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المهندس کی یادگار پر حاضری دے کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں سید عباس عراقچی نے عراقی وزیر خارجہ فؤاد حسین سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس دورے کے دوران عراق کے مختلف شہروں میں رہبرِ شہیدِ انقلاب کی تشییع کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ